عابد شیرعلی پشاور آئے تو انہیں مینٹل اسپتال میں داخل کرادیں گے، شوکت یوسف زئی

ویب ڈیسک  ہفتہ 12 اپريل 2014
عابد شیر علی  کا اپنا میٹر درست نہیں ہو وہ دوسروں کے میٹر کیا درست کرے گا، شوکت یوسف زئی۔فوٹو:فائل

عابد شیر علی کا اپنا میٹر درست نہیں ہو وہ دوسروں کے میٹر کیا درست کرے گا، شوکت یوسف زئی۔فوٹو:فائل

پشاور: خیبرپختونخوا کے وزیر صنعت اور تحریک انصاف کے رہنما شوکت یوسف زئی نے عابد شیر علی کی جانب سے صوبے کے عوام کو بجلی چور کہنے پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ عابد شیر علی اگلی بار پشاور آئے تو انہیں مینٹل اسپتال میں داخل کرادیں گے۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے شوکت یوسف زئی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نوازشریف رشتے داریاں نبھانے کی بجائے کسی سنجیدہ شخص کو پانی و بجلی کا وزیر بنائیں،عابد شیر علی صوبوں کے درمیان فاصلے پیدا کررہے ہیں۔ انہوں نے عابد شیر علی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جس شخص کا اپنا میٹر خراب ہو وہ دوسروں کے میٹر کیا درست کرے گا، عابد شیر علی کے رویے سے عوامی نفرت اور خانہ جنگی کی کیفیت پیدا ہوسکتی ہے اگر وہ اگلی بار پشاور آئے تو انہیں مینٹل اسپتال میں داخل کرادیں گے۔

واضح رہے کہ وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے گزشتہ دنوں  بیان دیا تھا کہ خیبرپختونخوا کے عوام بجلی چور ہیں اور بجلی چوری پر صوبے کے فیڈرز بند کردیں گے جس کے بعد وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک کی جانب سے بھی شدید رد عمل سامنے آیا تھا جس پر انہوں نے عابد شیرعلی کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی زبان کو لگام دیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔