ترک ’آٹو میکانیکا‘ نمائش میں پاکستانی کمپنیوں کی پذیرائی

احتشام مفتی  اتوار 13 اپريل 2014
ترکی میں جاری بین الاقومی ’’آٹو میکانیکا‘‘ نمائش میں 12 پاکستانی فرمز شریک ہیں۔ فوٹو: فائل

ترکی میں جاری بین الاقومی ’’آٹو میکانیکا‘‘ نمائش میں 12 پاکستانی فرمز شریک ہیں۔ فوٹو: فائل

استنبول: بین الاقومی ’’آٹو میکانیکا‘‘ نمائش میں پاکستانی ربرمولڈڈ آٹو موٹیو، انجینئرنگ پروڈکٹس، فاضل پرزہ جات اور فورجرنگ انڈسٹری کو زبردست پزیرائی حاصل ہوئی ہے، نمائش میں میکسیکو، ایران، یوکرین، سعودی عرب اور مصر سے تعلق رکھنے والے فاضل پرزہ جات کے درآمدکنندگان اور اسمبلرز کی جانب سے پاکستانی آٹو موٹیو پارٹس وایسیسریز مینوفیکچررز کو وسیع پیمانے پر برآمدی آرڈرز ملنے کی توقع ہے۔

ترک شہر استنبول کے TUYAP ایگزیبیشن سینٹر میں منعقدہ آٹومیکانیکا نمائش میں پاکستان، امریکا، ارجنٹائن، آسٹریلیا، فرانس، جرمنی، اٹلی، سنگاپور، اسپین، تائیوان اور پاکستان کے علیحدہ پویلینز قائم ہیں، پاکستان پویلین میں ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے توسط سے 12 پاکستانی کمپنیاں شرکت کررہی ہیں جن میں پیپلز اسٹیل ملز، پاکستان آٹوموٹیو انٹیریئر، احمد ٹریڈرز، ایکسل انجینئرنگ، انفینیٹی انجینئرنگ، میچ لیس انجینئرنگ، منان شاہد فورجرنگز، مسعود انجینئرنگ، میکاس انجینئرنگ، میرالاسٹک ربر پروڈکٹس، ملٹی ٹیک انجینئرنگ، صدیق برادرز، اسٹینڈرڈ انجینئرنگ اورٹی اے انٹرنیشنل شامل ہیں، آٹومیکانیکا میں 39 ممالک کے1475 نمائش کنندگان نے نمائش گاہ کے12 ہالوں میں اسٹالز لگائے ہیں۔

ایگزیبیشن سینٹر میں بریفنگ دیتے ہوئے میسے فرینکفرٹ ترکی کے منیجنگ ڈائریکٹر الیگزینڈر میڈ جیڈووک اور ہینوور فیئرز ترکی کے جی ایم الیگزینڈر کونہل نے بتایا کہ عالمی سطح پر ترکی آٹوموٹیو مارکیٹ خصوصی اہمیت کی حامل ہے کیونکہ ترکش آٹو کمپنیوں اور سپلائرز کواپنی بڑھتی طلب کو پورا کرنے کیلیے کم قیمت اور بہترین معیار کے جدید پرزہ جات کی ضرورت ہے۔

پاکستانی نمائش کنندہ مرزا سکندر علی بیگ نے ’’ایکسپریس‘‘ کے استفسار پر بتایا کہ آٹومیکانیکا میں شریک پاکستانی کمپنیوں کیلیے یہ نادر موقع ہے کہ وہ ترکی سمیت دیگر یورپی ممالک کی مارکیٹوں کو جارحانہ مارکیٹنگ کے ذریعے حاصل کریں، نمائش میں متعدد پاکستانی کمپنیوں کو ترکی کے علاوہ دیگر ترقی یافتہ ممالک کے درآمدکنندگان اور وہیکل مینوفیکچررز کی جانب سے پزیرائی حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نمائش میں ہم صنعتی خریداروں کے ساتھ شراکت داری کے حوالے سے خصوصی توجہ دے رہے ہیں جس میں پاکستان قونصلیٹ استنبول اہم کردار ادا کررہا ہے جو بی ٹی بی میٹنگ کیلیے سرگرم عمل ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔