جامعہ کراچی نے بی کام ریگولر کے امتحانی نتائج کا اعلان کردیا

اسٹاف رپورٹر  اتوار 13 اپريل 2014
پہلی پوزیشن عائشہ مسعود،دوسری فرحینہ راشد اورتیسری نادر ملکانی نے لی، 787 طلبا فرسٹ ڈویژن میں کامیاب ہوئے۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

پہلی پوزیشن عائشہ مسعود،دوسری فرحینہ راشد اورتیسری نادر ملکانی نے لی، 787 طلبا فرسٹ ڈویژن میں کامیاب ہوئے۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

کراچی: جامعہ کراچی کے ناظم امتحانات پروفیسر ڈاکٹر ارشداعظمی نے بی کام سال دوئم اور(سال اول ودوئم باہم) ریگولر سالانہ امتحانات برائے 2013 کے نتائج کا اعلان کردیا ہے۔

نتائج کے مطابق امتحان میں پہلی پوزیشن گورنمنٹ پریمیئر کالج کی طالبہ عائشہ مسعود بنت مسعود احمد خان نے 868 نمبر لے کر ،دوسری پوزیشن گورنمنٹ کالج آف کامرس اینڈ اکنامکس کی فرحینہ راشد بنت خواجہ محمد راشد نے 866 نمبرلے کر اورتیسری پوزیشن انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایجوکیشن کے نادرملکانی ولد امیر بخش ملکانی نے 855 نمبر کے ساتھ حاصل کی،امتحان میں 24409 طلبا شریک ہوئے،جس میں 787 طلبا فرسٹ ڈویژن میں،3089 طلبا سیکنڈ ڈویژن میں جبکہ 06 طلبا کو تھرڈ ڈویژن میں کامیاب قراردیا گیا، کامیاب طلبا کا تناسب 15.90% فیصد رہا۔

پروفیسر ڈاکٹرارشد اعظمٰی کے مطابق امتحان میں111 طلبا ناجائز ذرائع کااستعمال کرتے ہوئے پکڑے گئے،100 امیدواروں پر جرمانے عائد کیے گئے جبکہ بلااجازت امتحانی مرکز کی تبدیلی پر 212 امیدواروں کے متعلقہ پرچوں کے نتائج منسوخ کردیے گئے ہیں،واضح رہے کہ ناظم امتحانات کے موثر اقدامات کے نتیجے میں ان نتائج کا اجراء 3 ماہ کی قلیل مدت میں ہوا ہے،جبکہ ماضی میں ان نتائج کا اجراء 5 سے 6 ماہ کے عرصے میں ہوتا تھا،اس تناظر میں یہ کارکردگی لائق تحسین ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔