اپنی گندگی ہمارے سر نہ ڈالو، مریم نواز اور اسحاق ڈار کی عمران خان پر تنقید

ویب ڈیسک  جمعرات 2 مارچ 2023
فوٹو؛ فائل

فوٹو؛ فائل

 لاہور: مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز اور وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ملک کی معاشی تباہی کا ذمہ دار سابق وزیراعظم عمران خان کو قرار دیدیا۔

مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے سابق وزیراعظم عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ تمہاری بے رحم لوٹ مار، نااہلی، غلط ترجیحات، IMF کے ساتھ ظالمانہ ڈیل اور اس کی خلاف ورزی نے اس ملک کو معاشی بدحالی کی راہ پر ڈال دیا۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ڈھٹائی دیکھو! وہ لوگ جو تمہاری اس گندگی کو ختم کر رہے ہیں تم اپنا گند انکے سر ڈال رہے ہو، چپ کر کے بیٹھ جاؤ۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ اس تباہی کے لیے ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرنا نہ بھولنا جو تمہیں چار سال تک پالتے رہے اور عدلیہ میں انکی باقیات کا بھی جن پر تم اب بھروسہ کررہے ہو۔ انشاء اللّہ ہم ایسا ہونے نہیں دیں گے۔

دریں اثنا سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سابق وزیر اعظم عمران خان کے ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ معاشی تباہی کا ذمہ دار صرف اور صرف عمران خان ہے، عمران خان نے پاکستان کو معاشی تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا تھا۔

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ اللہ سبحان تعالیٰ نے پاکستان کی جان تم سے چھڑوا دی، تمہاری کی ہوئی تباہی کو ہم ٹھیک کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں، معیشت کیلئے قوم کو جلد اچھی خبریں ملیں گی۔

 

واضح رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اپنے ایک بیان میں حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ PDM نے 11 ماہ میں روپے کو عملاً ذبح کردیا ہے۔ اس سے قرضوں میں 14.3 کھرب کا اضافہ، مہنگائی (31.5%) 75سال کی بلندترین سطح تک جاپہنچی ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف کا مزید کہنا تھا کہ قوم حکومت تبدیلی کی سازش کی بھاری قیمت ادا کررہی ہے جس کے ذریعے سابق COAS نے مجرم قوم پر مسلط کئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔