’بیوہ بطخ‘ کے لیے نئے جیون ساتھی کا اشتہار کارآمد ثابت ہوا

ویب ڈیسک  جمعرات 16 مارچ 2023
بلوسم نامی مادہ بطخ کے لیے نئے جیون ساتھی کا اشتہار دیا گیا اور اسے ایک نیا جیون ساتھی مل گیا ہے۔ فوٹو: فاکس نیوز

بلوسم نامی مادہ بطخ کے لیے نئے جیون ساتھی کا اشتہار دیا گیا اور اسے ایک نیا جیون ساتھی مل گیا ہے۔ فوٹو: فاکس نیوز

آئیووا: قبرستان کی اطراف اکیلی رہنے والی بطخ کی تنہائی دیکھ کر اس کی کچھ تصاویر اتار کر ایک نئے جیون ساتھی کی تلاش کا اشتہار دیا گیا جس کے بعد اب اسے نر بطخ مل گیا ہے۔

انڈیانا ڈیون نامی پارک میں 26 دسمبر 2022 کو منجمند مٹی کے پاس اس بطخ کو اپنے گھونسلے کے پاس تنہا دیکھا گیا تھا۔ انڈیانا فطری وسائل کے محکمے نے اس کی بعض تصاویر لیں اور اس کا اشتہار تیار کروایا۔

بلوسم نامی بطخ ریورسائڈ قبرستان کے اطراف میں رہتی ہے اور اس گھریلو بیوہ بطخ کے لیے ضرورتِ رشتہ کا اشتہار دیا گیا جو کارگرثابت ہوا۔ عملے کے مطابق اگست 2022 کو بلوسم کا جوڑا ’بڈ‘ ایک جانور کے حملے میں مارا گیا تھا۔ اس کےبعد وہ اداس اور گم سم رہنے لگی تھی۔

’میں جوان ہوں، پرجوش اور زندگی سے بھرپور ہوں، مجھے خوبصورت بھی قرار دیا گیا ہے۔ آؤ ریورسائیڈ قبرستان میں میرے ساتھ زندگی گزارو، جہاں دانہ، پانی اور تیرنے کو جھیل ہے اور دوست بھی بہت ہیں۔‘ ان جملوں اور تصاویر کے ساتھ ’بلوسم‘ کا اشتہار بنا کر فیس بک پر پوسٹ کیا گیا۔

ایک تصویر میں وہ قبر کے مرمریں کتبے میں اپنا عکس دیکھ رہی ہے اور گویا خود کو تنہا محسوس کررہی ہے۔ اشتہار کے تین روز بعد جنگلی حیات کے افسران نے اس کےلیے ایک نربطخ ڈھونڈ نکالا جسے وہ قبول کرچکی ہے۔ اب یہ جوڑا مسرور زندگی گزاررہا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اس کا نیا جیون ساتھی ’فرینکی‘ ایک تنہا نربطخ ہے جس کی مادہ مرچکی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔