اسلحہ نمائش پر پابندی، سیکیورٹی کمپنیوں کا گارڈز کی فراہمی بند کرنے کا اعلان

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 18 مارچ 2023
آل پاکستان سیکورٹی ایجنسیز ایسوسی ایشن نے رکن کمپنیوں کو اسکارٹ سروس بند کرنے  کا مشورہ دیا ہے۔ فوٹو:فائل

آل پاکستان سیکورٹی ایجنسیز ایسوسی ایشن نے رکن کمپنیوں کو اسکارٹ سروس بند کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ فوٹو:فائل

  کراچی: حکومت سندھ کے سیکیورٹی کے نام پر اسلحے کی نمائش روکنے کے احکامات پر سیکورٹی کمپنیوں نے گارڈز فراہم کرنے کی خدمات بند کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

آل پاکستان سیکورٹی ایجنسیز ایسوسی ایشن نے اس ضمن میں اپنی تمام رکن سیکورٹی کمپنیوں کو خط ارسال کردیا ہے۔ جس میں کہا گیا ہے کہ محکمہ داخلہ سندھ نے نوٹیفکیشن میں ترمیم کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ سیکیورٹی گارڈز کسی بھی گاڑی یا ڈالا یا ویگو وغیرہ کے پیچھے ہتھیار لے کر نہیں بیٹھ سکتے۔ اس لیے تمام سیکورٹی کمپنیوں کو یہ مشورہ دیا جاتا ہے کہ پولیس کی طرف سے کسی بھی ممکنہ کارروائی سے بچنے کے لیے فوری طور پراسکارٹ سروس کو بند کر دیا جائے۔

خط میں مزید کہا گیا ہے کہ کمپنیاں اپنے تمام صارفین کو نہ صرف اس بارے میں مطلع کریں بلکہ ان سے کہیں  کہ وہ براہ راست وزیراعلی سندھ، ہوم سیکریٹری سے اپنی تشویش کا اظہار کریں۔

ایسوسی ایشن نے گاڑی کے اندر بیٹھے باڈی گارڈز کے حوالے سے اپنی رکن کمپنیوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ  یہ سروس بھی بند کردیں اگرچہ اسلحہ کی نمائش نہ ہو،  کیونکہ پولیس اس کا غلط استعمال کرے گی اور اسلحے کی نمائش کے بہانے گارڈز کے خلاف کارروائی شروع کر دے گی۔

خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایسوسی ایشن اس دوران مذکورہ ترمیمی نوٹیفکیشن کے بارے میں وضاحت کے لیے پولیس کے اعلیٰ حکام سے بھی رابطہ کرنے کی کوشش کررہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔