بھارتی طیارہ گر کر تباہ؛ خاتون پائلٹ اور انسٹرکٹر ہلاک

ویب ڈیسک  اتوار 19 مارچ 2023
تباہ ہونے والے طیارے میں انسٹرکٹر اور ایک خاتون زیر تربیت پائلٹ موجود تھیں: فوٹو: فائل

تباہ ہونے والے طیارے میں انسٹرکٹر اور ایک خاتون زیر تربیت پائلٹ موجود تھیں: فوٹو: فائل

نئی دہلی: بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں طیارہ ہچکولے کھاتے ہوئے زمین بوس ہوگیا جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار دونوں پائلٹس ہلاک ہوگئے۔

بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں پائلٹس کو تربیت دینے والے ادارے ’’اندرا گاندھی راشٹریہ روان اکیڈمی‘‘ کے طیارہ کا پرواز بھرنے کے کچھ ہی دیر کنٹرول ٹاور سے رابطہ منقطع ہوگیا تھا۔

اکیڈمی کے مطابق طیارے کی آخری لوکیش مدھیہ پردیش کے پہاڑی علاقے کے ایک گاؤں بغلات کی تھی۔ یہ علاقہ علیحدگی پسند نیکسلائی جنگجوؤں کا گڑھ سمجھا جاتا ہے۔

ریسکیو ٹیم کو طیارے کی تلاش کے لیے بھیجا گیا۔ ایک پہاڑ پر طیارہ کا ملبہ مل گیا جب کہ جائے حادثہ سے کچھ دوری پر دو بری طرح جلی ہوئی لاشیں برآمد ہوئیں۔

پولیس نے میڈیا کو بتایا کہ طیارہ حادثہ میں دہشت گردی کے عنصر کے ملوث ہونے کے کوئی شواہد نہیں ملے ہیں۔ ابتدائی تحقیقات میں حادثے کی وجہ خراب موسم سامنے آئی ہے۔

پولیس کا مزید کہنا ہے کہ ایک لاش زیر تربیت خاتون پائلٹ 20 سالہ وریکشنکا اور دوسری 25 سالہ انسٹرکٹر مہیت ٹھاکر کی ہے۔ دونوں لاشوں کو ضروری کارروائی کے بعد آبائی علاقے روانہ کردیا گیا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔