عمران خان اقتدار چھن جانے پر دہشت گرد بن چکا، مریم اورنگزیب

ویب ڈیسک  اتوار 19 مارچ 2023
(فوٹو : فائل)

(فوٹو : فائل)

 لاہور: وزیر اطلاعات مریم اورنگ زیب نے کہا ہے کہ عمران خان اقتدار چھن جانے پر دہشت گرد بن چکا، عمران خان کہتے تھے عدالت جاؤں گا تو قتل ہوجاؤں گا اب کل پیش ہوئے تو کیا قتل ہوگئے؟

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی رہائش گاہ ماڈل ٹاؤن میں وزرا اور معاونین خصوصی نے ملاقاتیں کیں جس میں ملکی معاشی صورتحال، پیٹرول پر موٹر سائیکل اور رکشا کو ٹارگٹڈ سبسڈی دینے، سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اطلاعات ہیں کہ ملاقات میں زمان پارک کی صورتحال اور اسلام آباد جوڈیشل کمپلیکس کے باہر ہنگامہ آرائی، گرفتاریوں اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بات کی گئی۔

بعد ازاں وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے ماڈل ٹاؤن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو خوشخبری دوں گی کہ وزیراعظم رمضان میں غریبوں کو آٹے کی مفت تقسیم پنجاب کے بعد گلگت، سندھ اور کے پی میں بھی شروع کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت عمران خان کا معاشی گند صاف کررہی ہے، اس شخص نے چار سالہ سیاسی دہشت گردی کرتے ہوئے لوگوں کو جیلوں میں ڈالا اور گرفتار کرکے ہسپتالوں میں گھسیٹا، ملک کی معیشت تباہ ہوئی، منہ سے چینی چھین لی، گیس بجلی اور دوائی مہنگی ہوئی۔

مریم اورنگ زیب نے کہا کہ عمران خان اقتدار چھن جانے پر دہشت گرد بن چکا ہے، توشہ خانہ، ہیرے جواہرات، ٹیریان کیس ہو اس پر قانون نے عدالتوں کا راستہ لیا جس پر عمران خان پیش نہیں ہورہے، عمران خان کہتا یہ مار دیں گے گرفتار کر لیں اس لیے عدالت پیش نہیں ہوں گا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ جو عمران خان کہتا تھا وہ سب غلط تھا، عوام سے کیے گئے وعدے جھوٹ تھے، کرپشن کا نعرہ جھوٹ تھا، نوے روز معیشت ٹھیک کا دعویٰ جھوٹ تھا۔

مریم اورنگ زیب کا کہنا تھا کہ عمران خان کہتے تھے عدالت جاؤں گا تو قتل ہوجاؤں گا اب کل پیش ہوگئے تو کیا قتل ہوگئے؟ اگر گرفتار کرکے قتل کرنے کا منصوبہ تھا قتل نہیں ہوئے کیونکہ یہ جھوٹا دہشت گرد چوہا ہے، کہا تھا جب عدالت بلایا جائے تو غنڈہ اور اسلحہ لے جاکر جائے وہی ہوا۔

وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ عدالتی احکامات پر عمل درآمد پر پولیس نے کوشش کی جس پر دہشت گرد نے پلان کرکے دہشت گردی کروائی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔