نواز شریف کی وزیراعظم کو ہر صورت قانون کی عملداری یقینی بنانے کی ہدایت

ویب ڈیسک  اتوار 19 مارچ 2023
فوٹو فائل

فوٹو فائل

 لاہور: مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے وزیر اعظم کو بالخصوص پنجاب میں ہر صورت قانون کی عمل دراری کو یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔

ایکسپریس نیوز کو پارٹی ذرائع سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی ن لیگ کی چیف آرگنائزر اور نائب صدر مریم نواز سے ملاقات ہوئی۔ جس میں  نوازشریف بھی ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔

اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال اور پولیس ، سکیورٹی اداروں پر پی ٹی آئی کارکنوں کے حملوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا،۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف نے وزیر اعظم کو ہر صورت قانون کی عمل داری کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم نے ہمیشہ اداروں اور عدالتوں کا احترام کیا اور جب بھی بلایا گیا تو پیش ہوئے‘۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف نے اتحادی جماعتوں کا اجلاس طلب کرلیا

نواز شریف نے مسلم لیگ ن کے صدر اور وزیر اعظم کو یہ بھی ہدایت کی کہ تمام اتحادیوں کی مشاورت سے فیصلے کیے جائیں۔ پنجاب اور خیبرپختونخوا انتخابات میں قربانیاں دینے والے کارکنوں کو ٹکٹ کے معاملے میں ترجیح دی جائے۔

اس موقع پر وزیراعظم نے نوازشریف اور مریم نواز کو اتحادی جماعتوں کے پیر کے روز بلائے جانے والے اجلاس کے معاملے پر اعتماد میں بھی لیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔