ٹیکس مسائل؛ بھارتی بورڈ کو 963کروڑ روپے کا نقصان ہوگا

اسپورٹس رپورٹر  جمعرات 23 مارچ 2023
ورلڈکپ نشریاتی آمدنی سے 21.84فیصد کٹوتی کی رقم آئی سی سی کو دینا ہوگی۔ فوٹو: فائل

ورلڈکپ نشریاتی آمدنی سے 21.84فیصد کٹوتی کی رقم آئی سی سی کو دینا ہوگی۔ فوٹو: فائل

لاہور: ٹیکس کی مد میں بھارتی بورڈ کو 963کروڑ روپے کا نقصان ہو گا جب کہ ورلڈکپ کی نشریات سے حاصل ہونے والی آمدنی سے 21.84فیصد کٹوتی کی رقم آئی سی سی کو ادا کرنا پڑے گا۔

آئی سی سی ایونٹس کا شیڈول عام طور پر ایک سال قبل جاری کیا جاتا ہے مگر بھارتی حکومت سے ٹیکس میں چھوٹ اور ویزا کلیئرنس کی وجہ سے بھارت میں رواں سال ہونے والے ورلڈکپ کے معاملات میں غیر معمولی تاخیر ہوئی، متعلقہ حکام نے گذشتہ سال ہی کونسل پر واضح کردیا تھا کہ میگا ایونٹ میں نشریات کی کمائی پر 20فیصد ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گذشتہ ٹورنامنٹس کی طرح اس بار بھی چھوٹ ملنے کا کوئی امکان نہیں،بھارتی بورڈ جلد ہی آئی سی سی کو اپنے منافع سے ٹیکس کی رقم ادا کرنے کے فیصلے سے آگاہ کردے گا،ورلڈکپ کی نشریات سے عالمی باڈی کو 533.29ملین امریکی ڈالر حاصل ہونے کی توقع ہے، اگر ٹیکس کی کٹوتی قواعد کے مطابق 21.84 فیصد کی شرح سے ہوئی تو رقم 116.47 ملین امریکی ڈالر ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: ون ڈے ورلڈکپ؛ ممکنہ تاریخوں اور وینیوز کو شارٹ لسٹ کرلیا گیا، نام سامنے آگئے

موجودہ ریٹ کے مطابق بھارتی روپے میں 963کروڑ کے قریب بنتی ہے، بی سی سی آئی کٹوتی کی شرح کو زیادہ سے زیادہ 10.92تک رکھنے کی آخری کوشش کررہا ہے جس میں کامیابی حاصل ہوتی دکھائی نہیں دیتی،اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2016کے موقع پر بھی ٹیکس چھوٹ کے معاملے میں آئی سی سی اور بی سی سی آئی کا تنازع چلتا رہا ہے۔

رواں سال 50اوورز فارمیٹ کے ورلڈکپ سے قبل اس مسئلے نے پھر سر اٹھا لیا، ابھی تک کوئی حل سامنے نہیں آیا اور بورڈکو ہتھیارڈالنا پڑ رہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔