عامر لیاقت کے بچوں نے رمضان کی آمد پر والد کے نام جذباتی پیغام جاری کر دیا

ویب ڈیسک  جمعرات 23 مارچ 2023
(فائل فوٹو)

(فائل فوٹو)

کراچی: ایکسپریس  نیوز سے رمضان ٹرانسمیشن کی نشریات کی میزبانی کرنے والے مایاناز میزبان عامر لیاقت حسین کی وفات کے بعد پہلے رمضان المبارک پر ہر آنکھ اشکبار ہے۔

جہاں قوم سال 2023 کے ماہِ صیام میں عامر لیاقت کی کمی محسوس کر رہی ہے وہیں ان کے دونوں بچے دُعائے عامر اور احمد عامر نے والد کے نام  سوشل میڈیا پر جذباتی پیغام جاری کر کے والد سے جدائی کے غم کا اظہار کیا ہے۔

عامر لیاقت حسین کی  پہلی اہلیہ سیدہ بشریٰ اقبال نے دونوں بچوں کی جانب سے لکھے گئے پیغامات کو سوشل میڈیا پر مداحوں کے ساتھ شیئر کیا ہے۔

عامر لیاقت کے فرزند احمد نے والد کے نام ایک خوبصورت نظم لکھی ہے جس میں انہوں نے والد کے بچھڑ جانے اور انہیں اپنی دعاؤں میں ہمیشہ یاد رکھنے کا تذکرہ کیا ہے۔

جبکہ دُعائے عامر نے اپنے والد کے رمضان ٹرانسمیشن کے ناظرین کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا ہے کہ آپ سب نے مجھے میرے مرحوم والد کے ساتھ ٹیلی ویژن پر بڑا ہوتے دیکھا ہے، اس لیے یہ انتہائی تکلیف دہ ہے کہ یہ والد کے بغیر ہمارا پہلا رمضان ہو گا، والد کو کھونے کا دکھ الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔


دعائے عامر نے ناظرین اور والد کے مداحوں سے درخواست کی کہ وہ ہمیشہ عامر لیاقت حسین کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔

یاد رہے کہ عامر لیاقت حسین 2014 میں ایکسپریس میڈیا گروپ کے ساتھ منسلک ہوئے اور رمضان کی خصوصی ٹرانسمیشن ’پاکستان رمضان‘ کی میزبانی کی ساتھ ہی کئی دیگر پروگرامز کی بھی میزبانی کرتے رہے۔

خیال رہے کہ معروف ٹی وی میزبان عامر لیاقت حسین 9 جون 2022 کو اپنی رہائش گاہ پر کمرے میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔