پاکستانی ٹوئٹر صارفین کے لیے بلیو ٹک سبسکرپشن قیمتاً متعارف

ویب ڈیسک  جمعـء 24 مارچ 2023
(فوٹو انٹرنیٹ)

(فوٹو انٹرنیٹ)

سان فرانسسکو: سماجی رابطوں کے مقبول پلیٹ فارم ٹوئٹر نے اپنے پاکستانی صارفین کے لیے بھی بلیو ٹک سبسکرپشن قیمتاً متعارف کروادی ہے۔

ٹوئٹر کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ دنیا بھر کی طرح اس کا پلیٹ فارم استعمال کرنے والے پاکستانی صارفین بھی اب مخصوص فیس ادا کرکے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بلیو ٹک سبسکرپشن حاسل کر سکتے ہیں۔ یہ سروس پاکستانی صارفین سمیت دنیا بھر کے لیے آج ہی متعارف کروائی گئی ہے۔

 

ٹوئٹر کے ویب ورژن میں بلیو ٹک کا آئی کون سائیڈ بار میں دیا گیا گیا ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ صارفین کو ماہانہ اور سالانہ بنیادوں پر فیس ادا کرنی ہوگی۔ٹوئٹر کی جانب سے سالانہ فیس ادا کیے جانے پر 12 فی صد رعایت دی گئی ہے۔ رعایت کے بعد ماہانہ 1 ہزار 975 روپے فیس بنتی ہے، جو کہ سالانہ 23 ہزار 700 روپے ہوگی، تاہم اس کے مقابلے میں ماہانہ فیس نسبتاً زیادہ ہے، جسے 2 ہزار 250 روپے ماہانہ مقرر کیا گیا ہے، جو کہ سالانہ بنیاد پر 27 ہزار روپے بنتے ہیں۔

سائیڈ بار میں ٹوئٹر بلیو کے آئی کون پر کلک کے بعد تفصیلات ظاہر ہوتی ہیں کہ اس سروس کی سبسکرپشن حاصل کرنے پر صارفین بلیو ٹک، ٹوئٹ ایڈٹ، این ایف ٹی پروفائل پکچر، اعلیٰ معیار کی ویڈیو اپ لوڈ کرنے، طویل دورانیے کی ویڈیو پوسٹ کرنے اور نئے فیچرز تک تیز رسائی سمیت دیگر سروسز حاصل کر سکتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔