کینیڈا میں سکھوں کا احتجاج، بھارتی وزارت خارجہ میں کینیڈین ہائی کمشنر طلب

ویب ڈیسک  اتوار 26 مارچ 2023
[فائل-فوٹو]

[فائل-فوٹو]

وینکوور: کینیڈا میں بھارتی سفارتی مشن کے باہر سکھوں کے احتجاج کیخلاف بھارتی وزارت خارجہ نے کینیڈا کے سفارت کار کو طلب کرلیا۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق کینیڈا میں علیحدگی پسند سکھوں کے ایک گروپ نے بھارت کے سفارتی مشن کے باہر خالصتان تحریک کے رہنما امرت پال سنگھ کی حمایت میں احتجاج کیا جس پر بھارتی حکام نے نئی دہلی میں کینیڈا کے اعلیٰ ترین سفارت کار کو طلب کیا اور احتجاج ریکارڈ کروایا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کینیڈا کے شہر وینکوور میں بھارتی قونصل خانے کے باہر سینکڑوں افراد اکٹھے ہوئے اور بھارت کی جانب سے سکھ علیحدگی پسند امرت پال سنگھ کے تعاقب کے خلاف احتجاج کیا۔

بھارتی وزارت خارجہ نے کینیڈا میں بھارت کے سفارتی مشنز اور قونصل خانوں کے خلاف انتہا اور علیحدگی پسند گروپوں کی کارروائیوں کے بارے میں کینیڈا کے ہائی کمشنر کو طلب کرکے احتجاج ریکارڈ کروایا۔

وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باگچی نے اپنے بیان میں کہا کہ امید کی جاتی ہے کہ کینیڈا کی حکومت ہمارے سفارت کاروں کی حفاظت اور ہمارے سفارتی احاطے کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کرے گی تاکہ وہ اپنے معمول کے فرائض سرانجام دے سکیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔