سندھ کے 15 اضلاع کی 59 نشستوں پر دوبارہ بلدیاتی انتخابات؛ پیپلز پارٹی 39 پر کامیاب

ویب ڈیسک  پير 27 مارچ 2023
مختلف بلدیاتی حلقوں میں جھگڑے، عدالتی فیصلوں اور غلط بیلٹ پیپر پرنٹ ہونے پر ری پولنگ۔ فوٹو:فائل

مختلف بلدیاتی حلقوں میں جھگڑے، عدالتی فیصلوں اور غلط بیلٹ پیپر پرنٹ ہونے پر ری پولنگ۔ فوٹو:فائل

کراچی: سندھ کے 15 اضلاع 59 نشستوں پر دوبارہ بلدیاتی الیکشن کے غیر حتمی نتائج میں پیپلز پارٹی 39 پر کامیاب ہوگئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سندھ کے 15 اضلاع 59 نشستوں پر دوبارہ بلدیاتی الیکشن کے غیر حتمی نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی 39 سیٹیں حاصل کرکے میدان مارلیا جب کہ6 سیٹوں پر جی ڈی اے، 2 پر پی ٹی آئی، 1 پر ایم کیو ایم اور 9 پر آزاد امیدواروں نے فتح حاصل کرلی۔

سندھ کے 15 اضلاع کے مختلف بلدیاتی حلقوں میں جھگڑے، عدالتی فیصلوں، غلط بیلٹ پیپر پرنٹ ہونے پر ری پولنگ اتوار کی صبح 9 بجے شروع ہوئی جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہی۔ اس موقع سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے۔

غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجے کے مطابق ممبر ڈسٹرکٹ کونسل کی 11، چیئرمین وائس چیئرمین کی 16 اور جنرل ممبر کی 32 نشستوں پر پولنگ ہوئی جن کے مطابق پیپلز پارٹی نے ممبر ڈسٹرکٹ کونسل کی 6، چیئرمین وائس چیئرمین کی 8 اور جنرل ممبر کی 21 نشستوں پر کامیابی حاصل کرلی جبکہ جی ڈی اے 6، ایم کیو ایم 1 اور مختلف کیٹگریز کی 4 نشستوں پر آزاد امیدواروں نے فتح حاصل کی۔

جن اضلاع کے مختلف پولنگ اسٹیشنز میں دوبارہ پولنگ ہوئی ان میں حیدرآباد، جامشورو، بدین سانگھڑ، عمرکوٹ، سکھر، جیکب آباد، کشمور، شکارپور، خیرپور، قمبر شہداد کوٹ، میر پور خاص، لاڑلانہ، تھرپارکر اور بینظیر آباد بھی شامل ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔