مسجد الحرام میں 17 سال سے خدمات انجام دینے والا خوش نصیب سری لنکن جوڑا

ویب ڈیسک  بدھ 29 مارچ 2023
سری لنکن جوڑا 17 سال قالینوں اور جائے نمازوں کی صفائی کے شعبے میں کام کر رہا ہے؛ فوٹو: فائل

سری لنکن جوڑا 17 سال قالینوں اور جائے نمازوں کی صفائی کے شعبے میں کام کر رہا ہے؛ فوٹو: فائل

ریاض: سری لنکا سے تعلق رکھنے والے میاں بیوی 17 سال سے مسجد الحرام میں خدمت کا شرف حاصل کر رہے ہیں۔

سعودی میڈیا کے مطابق مکہ مکرمہ میں 17 برس سے مسجد الحرام کے اندر خدمت کا شرف حاصل کرنے والی فاطمہ نے بتایا کہ وہ اکیلی معتمرین کی خدمت کے لیے یہاں آئی تھیں اور پھر انھوں نے سعودی حکومت سے شوہر کو سری لنکا سے بلانے کی اجازت مانگی۔

سعودی حکومت نے خاتون کی محنت اور دیانت سے متاثر ہو کر ان کے شوہر کو سعوی عرب بلالیا اور یوں یہ جوڑا 17 سال سے ایک ساتھ مسجد الحرام کے قالینوں اور جائے نمازوں کے شعبے میں خدمات انجام دے رہا ہے۔

فاطمہ اور ان کے شوہر اشرف مسجد الحرام میں خدمات انجام دینے والے 12 ہزار خدام میں شامل ہیں۔ یہ جوڑا علی الصبح اپنے کام میں جت جاتا ہے اور ایک ساتھ کام ختم کرکے اپنے گھر جاتا ہے۔

اشرف کا کہنا ہے کہ اہلیہ کے سعودی عرب چلے جانے کے بعد سے تنہائی کا شکار تھا اور فاطمہ بھی وہاں اکیلی تھی پھر اللہ نے ہمیں ایک کردیا۔

جوڑے کا کہنا ہے کہ سعودی عرب منتقل ہوکر ہماری زندگیوں میں انقلاب آگیا۔ ہمیں اطمینان، راحت اور سکون کی نعمتیں میسر آگئیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔