پی ٹی آئی کے لاپتا رہنما اظہرمشوانی گھر واپس پہنچ گئے

ویب ڈیسک  جمعـء 31 مارچ 2023
—فائل فوٹو

—فائل فوٹو

لاہور: تحریک انصاف کی سوشل میڈیا ٹیم کے ’گمشدہ‘ سربراہ اظہر مشوانی اپنے گھر پہنچ گئے۔

جمعے کو اپنی ایک ٹویٹ میں عمران خان کے ترجمان برائے سوشل میڈیا اظہر مشوانی نے لکھا کہ ’’الحمدللہ میں ابھی بخیر و عافیت گھر واپس پہنچ چکا ہوں۔ ان آٹھ دنوں میں آپ کی دعاؤں، کاوشوں اور تعاون نے تاعمر کے لیے ہمیں مقروض کر دیا ہے۔ جزاک اللہ، دعا ہے کہ ہمارے دیگر اسیر کارکنان بھی جلد اپنی فیملیز کے ساتھ افطاری کریں۔‘‘

گذشتہ روز لاہور ہائی کورٹ نے ایف آئی اے کو اظہرمشوانی کو بازیاب  کراکے 3 اپریل  کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

اظہرمشوانی  کی گمشدگی کے بعد درج کرائی گئی ایف آئی آر میں  ان کے  بھائی مظہر الحسن نے موقف اختیار کیا  تھا کہ ’جمعرات کو دن پونے تین بجے اظہر قاضی ٹیکسی سروس ’ کریم ‘ پر اپنے گھر ٹاؤن شپ سے  زمان پارک کے لیے نکلا اور پھر تھوڑی دیر بعد اس کا نمبر بند ہو گیا۔‘

انہوں نے کہا کہ ’اس کے بعد کوشش کے باوجود اظہر قاضی کا کوئی پتا نہ چل سکا۔ سائل کو قوی شبہ ہے کہ اظہر قاضی کو نامعلوم اشخاص نے جانی نقصان کی خاطر اغوا کر لیا ہے۔‘‘


سوشل میڈیا پر انتہائی متحرک اظہر مشوانی کا نمبر جمعے کو مختلف واٹس ایپ گروپس سے اچانک نکلنا شروع ہو گیا اور بعد میں ان کا واٹس ایپ نمبر بھی ڈی ایکٹیویٹ ہو گیا تھا۔

اظہرمشوانی کی اہلیہ نے چیف جسٹس آف پاکستان کو ایک خط لکھا تھا جس میں ان سے ازخود نوٹس لینے کی اپیل کی گئی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔