کراچی میں قتل ڈاکٹر بیربل کی زخمی ساتھی کا منگیتر شامل تفتیش

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 1 اپريل 2023
(فوٹو: ایکسپریس نیوز)

(فوٹو: ایکسپریس نیوز)

  کراچی: گارڈن لیاری ایکسپریس وے کے قریب فائرنگ سے ہلاک ہونے والے ڈاکٹر بیربل کی لاش ورثا کے حوالے کردی گئی، پولیس نے مقتول کے ساتھ  زخمی ہونے والی خاتون کے سابق منگیتر کو شامل تفتیش کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق 30 مارچ کو گارڈن لیاری ایکسپریس وے کے قریب نامعلوم ملزمان نے کار پر فائرنگ کرکے ڈاکٹر بیربل کو قتل اور اس کی اسسٹنٹ قرۃ العین کو زخمی کردیا تھا۔

ایدھی فاؤنڈیشن کے مطابق مقتول کی لاش ورثا کے حوالے کردی گئی جسے ورثا ایدھی ایمبولینس کے ذریعے آبائی گاؤں سنجھورو لے کر روانہ ہوگئے۔

ایس پی سٹی عارف عزیز کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، مقتول کے بھائی نے زخمی خاتون پر قتل کا شبہ ظاہر کیا ہے، زخمی خاتون کے صحت یاب ہونے کے بعد ان کا تفصیلی بیان لیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق زخمی خاتون کے سابق منگیتر کو شامل تفتیش کرلیا گیا ہے، زخمی خاتون نے حال ہی میں اپنے منگیتر سے علیحدگی اختیار کرلی تھی، زخمی اسسٹنٹ گزشتہ 10 سال سے ڈاکٹر بیربل کے ساتھ کام کررہی تھی۔

ایک افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ڈاکٹر نے اپنی اسسٹنٹ سے شادی کا بھی اظہار کیا تھا، ابتدائی طور پر لگتا ہے کہ ڈاکٹر کو ذاتی رنجش کی بنا پر قتل کیا گیا، پولیس ہر زاویے سے تفتیش کررہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔