ذاکر خان کیلیے ’’ریٹائرمنٹ گفٹ‘‘ تیار کر لیا گیا

سلیم خالق  اتوار 2 اپريل 2023
عمران خان کی ناراضگی سے بچنا فیصلے کی وجہ، واہلہ کی پروموشن کا امکان۔ فوٹو: فائل

عمران خان کی ناراضگی سے بچنا فیصلے کی وجہ، واہلہ کی پروموشن کا امکان۔ فوٹو: فائل

کراچی: ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ پی سی بی ذاکر خان کے لیے ’’ریٹائرمنٹ گفٹ‘‘ تیار کر لیا گیا۔

ذاکر خان سابق وزیر اعظم عمران خان کے انتہائی قریبی دوست ہیں، ماضی میں جب نجم سیٹھی چیئرمین پی سی بی بنے تو انھیں سائیڈ لائن تو کر دیا گیا مگر اس دوران بغیر کام کے تنخواہ باقاعدگی سے ملتی رہی، اس کی وجہ عمران خان کی ناراضگی سے بچنا تھا، اب نجم سیٹھی بطور چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی کرکٹ بورڈ میں ذمہ داری سنبھالے ہوئے ہیں۔

ذاکر خان 60 برس کے ہونے پر آئندہ ہفتے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ کی پوسٹ سے ریٹائر ہو جائیں گے، اس دوران انھوں نے کوشش کی کہ کسی طرح ایک سالہ توسیع مل جائے مگر دال نہ گل سکی، نیوزی لینڈ سے سیریز تک ہی انھیں کام جاری رکھنے کا کہا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: جُوا کمپنیز کی پی ایس ایل میں اسپانسر شپ کی تحقیقات جاری ہیں، بورڈ

ذرائع نے بتایا کہ گوکہ نجم سیٹھی کی عمران خان سے نہیں بنتی مگر وہ ان سے تعلقات مزید بھی نہیں بگاڑنا چاہتے، وہ جانتے ہیں کہ اگر ذاکر کو فارغ کر دیا تو سابق کپتان مزید ناراض ہو جائیں گے اس لیے اب انڈر 19 و دیگر جونیئر ٹیموں کا منیجر بنا کر ہی مصروف رکھا جائے گا، اس حوالے سے ذاکر کو اعتماد میں لے لیا گیا ہے، وہ بھی غیر ملکی دوروں اور اس دوران ملنے والے معاوضے سے خوش رہیں گے، انڈر 19 لیول پر کام کا دباؤ بھی نہیں ہوگا۔

بطور ڈائر یکٹر انٹرنیشنل کرکٹ عثمان واہلہ کو پروموٹ کرنے کا امکان روشن ہے، البتہ ماضی کی طرح اب بھی بعض آفیشلز انھیں یہ ذمہ داری سونپنے کی مخالفت کر سکتے ہیں

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔