لاہور سابق ایس پی کے قتل میں ملوث 2 خواتین سمیت 3افراد گرفتار

مقتول کی اپنی ہی بھابھی نے جیٹھ کو اپنے دوسرے شوہر سے قتل کروایا، پولیس


ویب ڈیسک April 02, 2023
پولیس ملزمان کو گرفتاری کے بعد پریس کانفرنس میں میڈیا کو پیش کرتے ہوئے (فوٹو : ویڈیو گریب)

سی آئی اے پولیس نے سابق ایس پی چوہدری فرحت عباس کے قتل میں ملوث 2 خواتین سمیت 3 افراد کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق مقتول چوہدری فرحت عباس کی اپنی ہی بھابھی نے جیٹھ کو اپنے دوسرے شوہر سے قتل کروایا۔ مقتول اپنے بھاٸی کلیم انور عرف کمی کی بیوی سے شادی کرنا چاہتا تھا لیکن کلیم انور عرف کمی کی بیوی نے شادی سے انکار کیا اور سیکیورٹی گارڈ عارف آفریدی سے شادی کر لی۔

ملزمہ نے اپنے دوسرے شوہر عارف آفریدی کے ذریعے اپنے جیٹھ چوہدری فرحت عباس کو قتل کروا دیا اور ملزم عارف قتل کرکے علاقہ غیر فرار ہوگیا۔

سی آٸی اے پولیس کی ٹیموں نے ملزمہ کو حراست میں لیکر تفتیش کی تو اس نے اعتراف جرم کر لیا۔ سی آٸی اے اقبال ٹاؤن پولیس کی اسپیشل ٹیموں نے ملزم عارف کو موباٸل فون کی لوکیشنز کی مدد سے علاقہ غیر سے گرفتار کیا۔

ایس ایس پی سی آئی اے لیاقت علی ملک نے بتایا کہ مقتول نے بیوہ بھابھی کو ذاتی سیکیورٹی گارڈ رکھنے سے منع کیا تھا، ملزم 02 ہفتے سے مقتول کے گھر کے قریب ہوٹل میں رہائش پذیر تھا۔ ملزم نے قتل کرنے سے قبل حلیہ تبدیل کیا اور قتل کے بعد بھی حلیہ تبدیل کیا۔

مقبول خبریں