ایکسپریس نیوزکےاینکرپرسن رضا رومی پرحملےکاماسٹرمائنڈ گرفتارکرلیا، سی سی پی او لاہور

ویب ڈیسک  جمعـء 18 اپريل 2014
ملزمان ڈرامہ نگار اور ادیب اصغر ندیم سید سمیت سنی اور شیعہ برادری، ڈاکٹرز، وکیلوں اور تاجروں پر حملوں میں ملوث ہیں، سی سی پی او لاہور۔ فوٹو؛ ایکسپریس نیوز

ملزمان ڈرامہ نگار اور ادیب اصغر ندیم سید سمیت سنی اور شیعہ برادری، ڈاکٹرز، وکیلوں اور تاجروں پر حملوں میں ملوث ہیں، سی سی پی او لاہور۔ فوٹو؛ ایکسپریس نیوز

لاہور: سی سی پی او لاہور چوہدری شفیق نے دعوی کیا ہے کہ پولیس نے ایکسپریس نیوز کے اینکر پرسن رضا رومی سمیت مختلف سیاسی و مذہبی شخصیات پر قاتلانہ حملوں میں ملوث کالعدم لشکر جھنگوی کے ماسٹرمائنڈ سمیت 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

لاہورمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سی سی پی اولاہور نے کہا کہ پولیس نے قتل، اقدام قتل، دہشت گردی، اغوا برائے تاوان، منشیات فروشی اور ناجائز اسلحہ سمیت جرائم کی 18 مختلف وادتوں میں ملوث کالعدم لشکر جھنگوی کے ماسٹر مائنڈ سمیت 6 ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ چوہدری شفیق کا کہنا تھا کہ ملزمان ایکسپریس نیوز کے اینکر پرسن رضا رومی، اہل سنت والجماعت پنجاب کے صدر شمس الرحمان معاویہ اور ڈرامہ نگار اصغر ندیم سید سمیت سنی اور شیعہ مکتبہ فکر، ڈاکٹرز، وکیلوں اور تاجروں پر دہشت گردانہ حملوں میں ملوث رہے ہیں۔

سی سی پی او لاہور کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کی وارداتوں کا ماسٹر مائنڈ عبد الرؤف  گجر بادامی باغ لاہور کا رہائشی ہے، اس نے دوران تفتیش انکشاف کیا ہے کہ وہ ملک اسحاق اور ہارون بھٹی کے ذریعے اس طرف مائل ہوا اور اپنے ساتھ مختلف لوگوں کو شامل کر کے ایک نیٹ ورک قائم کیا۔ ملزم نے اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ ہارون بھٹی کے تنظیمی انتخابات میں شکست پر شمس الرحمان معاویہ کے قتل کا منصوبہ بنایا۔

چوہدری شفیق نے کہا کہ کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی کے جن ملزمان کو پولیس نے گرفتار کیا ہے ان میں عبد الرؤف گجر، محمد صابر شاہ عرف اکرام، شیخ فرحان، محمد رفیق، شفاقت علی فاروقی عرف معاویہ، محمد ہاشم اور سلمان پٹھان شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس کی جانب سے فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ سمیت دہشت گردی کی مختلف وارداتوں میں ملوث گروہ کے افراد کی گرفتاری بہت بڑی کامیابی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔