پھیپڑوں کے کینسر سے متعلق چند اوہام

عالمی سطح پر پھیپھڑوں کا کینسر چھاتی کے کینسر کے بعد دوسرا سب سے عام کینسر ہے


ویب ڈیسک April 18, 2023
[فائل-فوٹو]

عالمی سطح پر پھیپھڑوں کا کینسر چھاتی کے کینسر کے بعد دوسرا سب سے عام کینسر ہے جس کے 2.21 ملین کیسز ریکارڈ ہوئے اور 10 لاکھ 80 ہزار اموات کا ذمہ دار ہے۔

اگرچہ پھیپڑوں کا کینسر عام ہے لیکن اس سے متعلق معاشرے میں کئی اوہام پائے جاتے ہیں۔ اس حوالے سے نیو یارک میں ماؤنٹ سینائی کے ٹِش کینسر انسٹی ٹیوٹ میں سینٹر آف ایکسی لینس فار تھوراسک آنکولوجی کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ڈاکٹر فریڈ آر ہرش کی مدد سے پھیپڑوں کے کینسر سے متعلق اوہام کی فہرست تیار کی گئی ہے جو کہ درجہ ذیل ہے۔

1) صرف تمباکو نوشی کرنے والوں کو پھیپھڑوں کا کینسر ہوتا ہے

سی ڈی سی کے مطابق، امریکہ میں پھیپھڑوں کے کینسر میں مبتلا تقریباً 10 سے 20 فیصد لوگوں کا معائنہ کیا گیا جس میں پتہ چلا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں کبھی تمباکو نوشی نہیں کی یا جنہوں نے پوری زندگی میں 100 سے بھی کم سگریٹ پی ہونگی۔

2) صرف بڑی عمر کے بالغ افراد ہی پھیپھڑوں کے کینسر میں مبتلا ہوتے ہیں

اگرچہ زیادہ تر 65 سال سے زائد عمر کے افراد پھیپھڑوں کے کینسر میں مبتلا ہوتے ہیں لیکن آج کل 50 سال سے کم عمر کے نوجوان بھی کثیر تعداد میں اس مرض کا شکار ہو رہے ہیں، خاص طور پر خواتین۔

3) پھیپڑوں کے کینسر کا خطرہ سگریٹ نوشی کے بجائے آلودہ شہر میں رہنے سے زیادہ پیدا ہوتا ہے

آلودگی اور تمباکو نوشی کے درمیان موازنہ کرنا مشکل ہے۔ آلودہ شہروں میں رہنا خطرے کا عنصر ضرور ہے لیکن کوئی بھی یقین سے نہیں کہہ سکتا کہ آیا یہ تمباکو کی مصنوعات کے استعمال سے زیادہ بدتر ہے یا دونوں کا مجموعہ پھیپڑوں کی صحت کو متاثر کرسکتا ہے۔

4) سالوں سے جاری تمباکو نوشی، اب کچھ نہیں ہوسکتا

تمباکو نوشی ترک کرنے سے پھیپھڑوں کے کینسر کا خطرہ نمایاں طور پر کم ہوجاتا ہے۔ اس کے علاوہ دل کے دیگر امراض جیسے آسٹیوپوروسس، اور ذیابیطس سمیت دیگر امراض کے خطرے کو بھی کم کرتا ہے۔

5) اگر پھیپھڑوں کا کینسر ہو ہی گیا ہے تو سگریٹ نوشی کرتے رہیں

یہ سچ نہیں ہے، تمباکو نوشی چھوڑنے کے بے شمار فوائد کے ساتھ ساتھ مریض میں پھیپڑوں کے کینسر کے مراحل کی تشخیص بہتر اور آسان ہوجاتی ہے۔

6) سرجری پھیپڑوں کے کینسر کو پھیلا دیتی ہے

سرجری سے پھیپھڑوں کا کینسر نہیں پھیلتا، درحقیقت سرجری اگر کینسر کے ابتدائی مرحلے میں ہی کروالی جائے تو کینسر کا علاج ہوسکتا ہے۔

7) اگر مجھے پھیپھڑوں کا کینسر ہوتا، تو علامات بھی ظاہر ہوتیں

ایسا ہمیشہ نہیں ہوتا، پھیپھڑوں کے کینسر کا پتہ مکمل طور پر غیر علامتی صورتوں میں یا سانس کی معمولی علامات والے افراد میں بھی تشخیص کیا جاسکتا ہے۔

8) تمباکو نوشی پھیپھڑوں کے کینسر کا واحد محرک ہے

تمباکو نوشی شاید پھیپھڑوں کے کینسر کا سب سے عمومی محرک ہے لیکن یہ یقینی طور پر واحد نہیں ہے۔ دیگر خطرے والے عوامل میں پھیپھڑوں کے کینسر کی خاندانی تاریخ، فضائی آلودگی، سینے پر تابکاری سے نمائش اور پھیپھڑوں کی طویل المیعاد بیماریاں شامل ہیں۔

مقبول خبریں