اسمارٹ فون کے عادی ایک سال میں 3 کلومیٹرطویل اسکرولنگ کررہے ہیں

برطانوی سروے کے مطابق فون استعمال کرنے والے ایک دن میں 519 انچ اور مہینے میں ایفل ٹاور کے برابر اسکرولنگ کررہے ہیں


ویب ڈیسک April 20, 2023
اسمارٹ فون کے عادی افراد ہرسال تین سے پانچ کلومیٹر تک فون اسکرول کرتے ہیں۔ فوٹو: فائل

برطانیہ میں کئے گئے ایک سروے سے معلوم ہوا ہے کہ انگوٹھے سے اسمارٹ فون اسکرین آگے کرنے کی ہماری عادت اب اتنی بڑھ چکی ہے کہ عادی افراد ایک سال میں تین سے پانچ کلومیٹر تک فون کھسکارہے ہیں جسے اسکرولنگ کہا جاتا ہے۔

ان میں نصف سے زائد افراد نے دردِ سر اور جسمانی تکلیف کی شکایت بھی کی ہے۔ برطانوی کمپنی نے یوسوئچ نے ہزاروں افراد کا سروے کیا ہے جو ایک ان لائن سروے بھی ہے۔ اس کے مطابق اسمارٹ فون کے عادی ایک دن میں 519 انچ تک فون اسکرول کرتے ہیں جو ایک ماہ میں ایفل ٹاور کی بلندی کے برابر ہے۔

یہ عادت جمع ہوکر ایک برس میں تین سے پانچ کلومیٹر تک طویل ہوسکتی ہے۔ اس کے انتہائی منفی اثرات سامنے آرہے ہیں ۔ شرکا نے بتایا کہ انہیں کلائی میں اینٹھن، آنکھوں میں جلن اور دردِ سر کی عام شکایت ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ پوسٹ دیکھر چڑچڑاپن اور یاسیت کے بھی شکار ہیں۔

یہ بھی نوٹ کیا گیا ہے کہ فون کے عادی افراد روزانہ 3 سے چار گھنٹے اپنے اسمارٹ فون پر گزاررہے ہیں جو وقت کا شدید زیاں بھی ہے۔ سروے کرنے کے لیے ایک وقت میں ہم تین انچ تک فون اسکرین کو اوپر یا نیچے کرتے ہیں لیکن یوسوئچ نے صارفین کو ایک ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کو کہا تھا جو اسکرولنگ کو نوٹ کرتا ہے۔

سروے میں شامل افراد نے کہا ہے کہ فون کے بے تحاشہ استعمال سے ان کی صحت پر منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں۔

 

مقبول خبریں