زمان پارک میں ممکنہ آپریشن بشریٰ بی بی کی درخواست جرمانے کے ساتھ خارج
عدالت نے ایڈوکیٹ اظہر صدیق کو ایک لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنے کا حکم دے دیا
زمان پارک میں ممکنہ آپریشن کے خلاف عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی درخواست جرمانے کے ساتھ خارج کر دی گئی۔
جسٹس طارق سلیم شیخ نے ریمارکس دیے کہ آپ نے غیر ضروری درخواست دائر کی ہے اور لارجر بینچ پہلے ہی حکم دے چکا ہے۔ ایڈوکیٹ اظہر صدیق نے کہا کہ زمان پارک میں عید تعطیلات کے دوران آپریشن کی مصدقہ اطلاعات ہیں۔
جسٹس طارق سلیم شیخ نے ریمارکس دیے کہ مجھے یہ بتائیں کہ مفروضوں پر کیسے حکم دیا جا سکتا ہے، اس معاملہ پر لارجر بینچ پہلے ہی حکم دے چکا ہے۔
ایڈوکیٹ اظہر صدیق نے کہاکہ میں عدالت کے روبرو آرٹیکل 10 اے کے تحت آیا ہوں۔ جسٹس طارق نے ریمارکس دیے کہ آپ کو معلوم ہے آپ کی اس طرح کی پٹیشن سے عدالت کا وقت کتنا ضائع ہوتا ہے۔ ایڈیوکیٹ نے کہا کہ میرا مقصد بلکل یہ نہیں ہے۔
جسٹس طارق سلیم نے ریمارکس دیے کہ میں آپ کی یہ درخواست جرمانے کے ساتھ مسترد کر دیتا ہوں، عدالتوں پر غیر ضروری بوجھ ناں ڈالیں، اسکے بعد پھر کوئی کیئر ٹیکر آجائے گا، بتائیں آپکو کتنا جرمانہ کروں، لارجر بینچ نے قانون کے مطابق ریلیف دیا۔
واضح رہے کہ بشریٰ بی بی کی جانب سے تحریک انصاف کے وکلا نے درخواست لاہور ہائیکورٹ میں دائر کی تھی۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا تھا کہ اطلاعات ہیں کہ عید کی تعطیلات میں زمان پارک میں آپریشن ہوگا، پہلے بھی عمران خان کی غیر موجودگی میں پولیس نے گھر پر حملہ کیا۔
بشریٰ بی بی نے استدعا کی گئی تھی کہ عدالت پولیس کو عید کی تعطیلات میں زمان پارک میں آپریشن روکنے کا حکم دے۔