شہر قائد کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش

ویب ڈیسک  پير 1 مئ 2023
فوٹو ایکسپریس

فوٹو ایکسپریس

  کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پیر کو تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پیر کی شام کو ملیر، سپرہائی وے، گڈاپ، ایئرپورٹ، گلشن حدید، سعدی ٹاؤن، بحریہ ٹاؤن، یونیورسٹی روڈ، گلستان جوہر سمیت دیگر علاقوں میں بادل برس پڑے، شہر میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ گرمی کی شدت میں کمی آگئی، ملیر میمن گوٹھ میں ژالہ باری کی بھی اطلاعات ہیں۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے پیر کی شب ہونے والی بارش کے جاری اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ بارش گلشن حدید میں 9 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی، جناح ٹرمینل پر 7.6 جبکہ یونیورسٹی روڈ پر 6 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔ ملیر، گلشن حدید، اسٹیل ٹاؤن، بھینس کالونی، شاہ لطیف ٹاون سمیت چند علاقوں میں دھوپ کے دوران کہیں ہلکی اورکہیں تیزبارش ہوئی جبکہ ناظم آباد ، گلبہار، لیاقت آباد ، نارتھ ناظم آباد ، لسبیلہ پل ،پاک کالونی، سائٹ، بلدیہ میں بادلوں کا راج رہا۔

واضح رہے کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے پیر کی شام تا رات گرج چمک کے ساتھ بارش کی قبل ازوقت پیش گوئی کردی گئی تھی، محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی سسٹم کا بیشترحصہ جنوبی پنجاب کی جانب منتقل ہوچکا ہے اس وجہ سے مزید تیزبارشوں کا امکان نہیں ہے تاہم لوکل سطح پرسمندر کے نچلی سطح کے بادلوں اورشہرکی فضاؤں پرسسٹم کے اثرات کے نتیجے میں مطلع کہیں کہیں جزوی ابرآلود اور بوندا باندی ہوسکتی ہے۔

 

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پیر کو شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 ڈگری جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 54 فیصد ریکارڈ ہوا، منگل سے سمندری ہوائیں بحال ہونے کی توقع ہے، اگلے دوروز کے دوران شہر میں بارش کا امکان نہیں جبکہ موسم نسبتاً گرم اورمرطوب رہنے کی توقع ہے، شہر کا درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری کے درمیان ریکارڈ ہوسکتا ہے۔

بارش کے بعد مختلف علاقوں میں بجلی غائب

شہر کے مختلف علاقوں میں بارش کے بعد بجلی کی فراہمی معطل ہونے کی شکایات بھی سامنے آئی ہیں، جبکہ ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کے سبب حفاظتی اقدامات کے تحت بجلی کی ترسیل میں عارضی تعطل آسکتا ہے، کے الیکٹرک کا عملہ صورتحال کا مستقل جائزہ لے رہا ہے اور الرٹ پر ہے۔

کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ بارش کے موسم میں شہری برقی آلات کے استعمال میں خصوصی احتیاط کریں، تیز ہوا اور آندھی چلنے کی صورت میں زیر تعمیر عمارات، بل بورڈز، اسٹریٹ لائٹ کے کھمبوں سے مناسب فاصلہ رکھیں۔

ترجمان کے الیکٹرک نے مزید کہا کہ غیر محفوظ اورغیر قانونی ذرائع سے بجلی کا حصول اور کنڈے جان لیوا حادثات کا سبب بنتے ہیں، شہری ٹوٹے ہوئے تاروں، ٹی وی انٹر نیٹ کیبلز ، بجلی کے کھمبوں اور پی ایم ٹیز، سے دور رہیں، بارش اور کھڑے پانی میں پانی کی موٹر جیسے برقی آلات کا غیر محفوظ استعمال حادثات کا سبب بن سکتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔