ٹانک اور ڈی آئی خان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 3 دہشتگرد ہلاک

ویب ڈیسک  پير 1 مئ 2023
فوٹو:فائل

فوٹو:فائل

 راولپنڈی: ٹانک اور ڈی آئی خان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران تین دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ ضلع میران شاہ سے 7 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ٹانک اور ڈی آئی خان میں آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد دہشت گرد کمانڈر جبار شاہ عرف شاہ عالم 3  ساتھیوں سمیت جہنم واصل کردیا گیا، آپریشن کے دوران 2 دہشت گرد زخمی بھی ہوئے۔

آئی ایس پی آر  کا کہنا ہے کہ علاقے میں پائے جانے والے دیگر دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لیے آس پاس کے علاقوں میں کلیئرنس آپریشن  جاری ہے اور پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

میران شاہ سے  7 دہشت گرد گرفتار

مزید برآں سیکیورٹی فورسز نے  ضلع میران شاہ میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کے دوران 7 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق میران  شاہ کے علاقے میں  دہشت گردوں کی موجودگی کی  اطلاع پر آپریشن کیا گیا جس کے دوران حافظ گل بہادر گروپ سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد کمانڈر مہتاب عرف لالہ سمیت 7 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا۔

آئی ایس پی آر  کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشت گرد سیکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں  کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث اور سیکیورٹی اداروں کو انتہائی مطلوب تھے، مقامی لوگوں نے سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کو سراہا اور دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے میں اپنے تعاون کا یقین دلایا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔