قطر؛اقوام متحدہ کے افغانستان پر عالمی اجلاس میں طالبان کو نہیں بلایا گیا

ویب ڈیسک  منگل 2 مئ 2023
اقوام متحدہ کے افغانستان پر ہونے والے اجلاس میں طالبان کو مدعو نہیں کیا گیا؛ فوٹو: فائل

اقوام متحدہ کے افغانستان پر ہونے والے اجلاس میں طالبان کو مدعو نہیں کیا گیا؛ فوٹو: فائل

دوحہ: افغانستان کی موجودہ صورت حال پر اقوام متحدہ کے زیر اہتمام ہونے والے 2 روزہ اجلاس میں کئی ممالک کے سفرا نے شرکت کی تاہم اس اجلاس میں طالبان حکومت کو مدعو نہیں کیا گیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق قطر کے دارالحکومت میں ہونے والے اجلاس میں پاکستان سمیت امریکا، روس، چین، برطانیہ، فرانس، جرمنی، بھارت، سعودی عرب، ترکی، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا، ایران، جاپان، قازقستان، کرغزستان، ناروے، قطر، تاجکستان،  ترکمانستان، ازبکستان، یورپی یونین اور اسلامی تعاون تنظیم کے سفرا اور نمائندوں نے شرکت کی۔

دوحہ میں ہونے والے 2 روزہ اجلاس کی صدارت اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس کر رہے ہیں۔ اجلاس میں افغانستان میں خواتین کی ملازمتوں اور لڑکیوں کی تعلیم پر پابندی سمیت انسانی حقوق کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اجلاس میں سب سے اہم فریق طالبان کو مدعو نہیں کیا گیا جس سے اجلاس کے مقاصد کے حصول ناممکن نظر آتا ہے تاہم یہ اجلاس عالمی رہنماؤں کو طالبان حکومت سے متعلق اہم نکات پر یکجا ضرور کرسکتا ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس کے ترجمان اسٹیفن دوجارک نے بتایا کہ بند کمرہ اجلاس میں انسانی حقوق بالخصوص خواتین کی ملازمتوں، لڑکیوں کی تعلیم، مخلوط حکمرانی، انسداد دہشت گردی اور منشیات کی اسمگلنگ جیسے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔