زیریں سندھ، بد ترین لوڈ شیڈنگ ، متعدد افراد بے ہوش شہریوں کے مظاہرے

نامہ نگاران / ایکسپریس ڈیسک  منگل 22 اپريل 2014
ٹھٹھہ، گھارو میں بجلی کے طویل تعطل سے زندگی اجیرن، کاروبار ٹھپ، پانی کا بھی بحران، کوٹری کے ٹرانسفارمر4روز سے خراب فوٹو: ایکسپریس/فائل

ٹھٹھہ، گھارو میں بجلی کے طویل تعطل سے زندگی اجیرن، کاروبار ٹھپ، پانی کا بھی بحران، کوٹری کے ٹرانسفارمر4روز سے خراب فوٹو: ایکسپریس/فائل

ٹھٹھہ / کوٹری / گھارو: زیریں سندھ میں بجلی کا بحران شدت اختیار کرگیا، شدید گرمی میں بدترین لوڈشیڈنگ کے باعث شہریوں کی زندگی اجیرن ہوگئی۔

کئی افراد بے ہوش، بجلی کے ستائے شہری سڑکوں پر آگئے، گجو میں شٹرڈاؤن ہڑتال۔ تفصیلات کے مطابق گجو شہر میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے باعث شہری مشتعل ہو گئے اور انہوں نے قومی شاہراہ پر احتجاجی مظاہرہ کیا اور دھرنا دیکر بیٹھ گئے جبکہ شہر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی۔ 4 روز سے بجلی کی بندش کے باعث پانی کا بحران بھی شدت اختیار کرگیا ۔ دھرنے کے باعث ٹریفک معطل ہوگئی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ گجو میں بجلی کی آنکھ مچولی نے شہریوں کا جینا دوبھر کردیا ہے۔ شدید گرمی میں بجلی نہ ہونے سے پانی کی فراہمی بھی معطل ہے۔  4 روز سے مکمل بجلی بند ہے۔ بارہا واپڈا حکام سے رابطہ کیا کوئی شنوائی نہیں ہوتی، بجلی بحال ہونے پر دھرنا ختم کریں گے، 3 گھنٹے بعد واپڈا حکام نے  بجلی بحال کردی جس کے بعد دھرنا ختم کردیا گیا۔ دھرنے میں ایک صوبائی وزیر بھی پروٹوکول کے ساتھ ٹریفک میں پھنسے رہے۔ ٹھٹھہ ضلع میں غیر علانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ طول پکڑ گیا، روزانہ 16 گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جس کی وجہ سے پانی کی بھی شدید قلت ہے۔

غیر علانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف مکلی اور ٹھٹھہ کے تاجر اور شہری سڑکوں پر نکل آئے، ٹائر نذر جلائے اور حیسکو کے خلاف نعرے لگائے۔ غیر علانیہ لوڈشیڈنگ اور شدید گرمی کے باعث ٹھٹھہ شہر میں عمیر، گلو، وریام، اویس سمیت 10 افراد بے ہوش ہوگئے جنہیں فوری طور پر مکلی سول اسپتال پہنچایا گیا۔ مٹیاری، بھٹ شاہ، ہالا، سعید آباد میں بھی بدترین لوڈشیڈنگ جاری، دورانیہ 18 گھنٹے تک پہنچ گیا جبکہ حیسکو حکام صرف کروڑوں کے بقایاجات کے بہانے ضلع بھر کے دیہات کے کنکشنز کاٹ کر مخصوص علاقوں کی بجلی پوری کرنے میں مصروف ہیں جس وجہ سے عوام شدید پریشانی سے دوچار ہیں، ضلع میں فیکٹریوں، کارخانوں اور بجلی  سے چلنے والی دوسرا کاروبار مکمل طور پر ٹھپ ہے۔ ادھر کوٹری سائٹ خورشید کالونی کے مکینوں نے5 ٹرانسفارمر خراب ہو جانے کے باعث 4روز سے بجلی بند ہونے کے خلاف خورشید چوک پر احتجاج کیا، ٹائر جلائے اور حیسکو انتظامیہ کے خلاف نعرے لگائے جس کے نتیجے میں انڈس ہائی وے بلاک ہو گیا۔مظاہرین نے بتایا کہ کالونی کے  ٹرانسفارمر چار روز سے خراب ہیں، علاقہ مکمل تاریخی میں ڈوبا ہوا ہے مگر حیسکو انتظامیہ کچھ کرنے کو تیار نہیں۔ احتجاج 4 گھنٹے تک جاری رہا ۔ بعد ازاں سائٹ پولیس کی یقین دہانی پر احتجاج ختم کردیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔