بھارت؛ تمام کنٹونمنٹ بورڈز تحلیل کرکے بلدیاتی اداروں کے حوالے کرنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک  بدھ 3 مئ 2023
بھارت میں 60 سے زائد کنٹونمنٹ بورڈز ہیں؛ فوٹو: فائل

بھارت میں 60 سے زائد کنٹونمنٹ بورڈز ہیں؛ فوٹو: فائل

نئی دہلی: بھارت میں نو آبادیاتی دور کے کنٹونمنٹ بورڈ سسٹم کو ختم کرکے میونسپل اداروں کے زیر انتظام کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ملک کے برطانوی راج کی آخری یاد 62 کنٹونمنٹ بورڈز کو تحلیل کرنے کے علاوہ چھاؤنی میں آرمی ایریاز کو ملٹری اسٹیشنز میں تبدیل کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

کنٹونمنٹ ایریاز کو سول حکومت کے بلدیاتی اداروں کے حوالے کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے جس کی ابتدا ہماچل پردیش کی یول چھاؤنی کو ملٹری اسٹیشن میں تبدیل کرکے کیا جائے گا۔

چھاؤنیوں کو ملٹری اسٹیشن میں تبدیل کرنے کے فیصلے سے قبل چھاؤنی کے مکینوں نے مطالبہ کیا تھا کہ انہیں کنٹونمنٹ بورڈز سے باہر رکھا جائے کیوں کہ وہ ان بورڈز کے ترقیاتی کاموں کے نام پر توڑ پھوڑ سے بھی پریشان تھے۔

چھاؤنیوں کو ملٹری اسٹیشنز میں تبدیل کرکے اسے فوج کے زیر انتظام کردیا جائے گا جہاں جنگی مشقیں بھی ہوں گی جب کہ ان میں موجود رہائشی علاقوں کے انتظام کو کنٹونمنٹ سے لیکر شہری اداروں کو دیے جائیں گے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔