آسٹریلیا؛ لاپتا ماہی گیر کی باقیات مگر مچھوں کے پیٹ سے برآمد

ویب ڈیسک  بدھ 3 مئ 2023
65 سالہ ماہی گیر دو روز سے لاپتہ تھا؛ فوٹو: فائل

65 سالہ ماہی گیر دو روز سے لاپتہ تھا؛ فوٹو: فائل

 پرتھ: آسٹریلیا میں 2 روز سے لاپتا ماہی گیر کی لاش کی باقیات دو مگرمچھوں کے پیٹ سے بر آمد ہوئی ہیں۔ 

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق آسٹریلیا میں ایک ماہی گیر اپنے ساتھیوں کے ہمراہ مچھلیاں پکڑنے گیا تھا تاہم وہ اپنے دوستوں سے جدا ہوگیا اور تلاش بسیار کے باوجود اس کا کوئی سراغ نہیں لگ رہا تھا۔

اہل خانہ نے پولیس میں شکایت درج کرائی جس کے بعد لاپتا ماہی گیر کیون ڈارموڈی کی تلاش شروع کی گئی جس کے دوران ایک شخص نے بتایا کہ دو مگر مچھ 48 گننٹوں سے کچھ چبائے جا رہے ہیں۔

مذکورہ شخص کا مزید کہنا تھا کہ دو مگر مچھوں کے منہ میں گوشت نظر آرہا تھا حالانکہ اس علاقے میں نہ تو انھوں نے کوئی شکار کیا اور نہ ہی کسی نے انھیں کوئی خوراک دی تھی۔

پولیس والوں نے مگر مچھوں کو دیکھا تو ان کے جبڑوں میں انسانی گوشت کی باقیات نظر آئیں۔ مگر مچھوں نے پولیس پر بھی حملہ کردیا جس پر پولیس نے گولیاں مار دونوں کو ہلاک کردیا۔

مگر مچھوں کے پیٹ سے ایک 65 سالہ شخص کی باقیات ملی ہیں جو ممکنہ طور پر کیون ڈار موڈی کی ہوسکتی ہے۔ ایک ماہی گیر نے بتایا کہ اس نے کیون ڈار موڈی پر مگر مچھ کو حملہ کرتے نہیں دیکھا تاہم اس کی چیخ ضرور سنی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔