یوگنڈا میں فوجی گارڈ نے وزیر کرنل اینگولا کو گولیاں مارکر قتل کردیا

ویب ڈیسک  بدھ 3 مئ 2023
یوگنڈا میں قتل ہونے والے کرنل چارلس سابق وزیر دفاع بھی تھے؛ فوٹو: فائل

یوگنڈا میں قتل ہونے والے کرنل چارلس سابق وزیر دفاع بھی تھے؛ فوٹو: فائل

کمپالا: افریقی ملک یوگنڈا میں فوجی محافظ نے سینیئر وزیر کرنل اینگولا کو قتل کرنے کے بعد خود کو بھی گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یوگنڈا میں سابق وزیر دفاع اور موجودہ سینیئر وزیر برائے محنت کرنل چارلس اینگولا کو ان کے فوجی گارڈ نے علی الصبح اس وقت گولی ماردی جب وہ اخبار پڑھ رہے تھے اور ناشتہ کرنے والے تھے۔

کرنل اینگولا کو قتل کرنے کے بعد فوجی محافظ گھر کے باہر چکر لگاتا رہا اور پڑوسیوں کے دروازے کے سامنے بھی ہوائی فائرنگ کرتا رہا جس میں وزیر کے ایک ساتھی اور چند محلہ دار بھی زخمی ہوئے۔

یہ خبر بھی پڑھیں : یوگنڈا میں وزیر کی گاڑی پر فائرنگ، بیٹی اور ڈرائیور ہلاک 

بعد ازاں اسی ہتھیار سے خود کو بھی گولی مار کر خودکشی کرلی۔ فوجی گارڈ کی شناخت سبیتی کے نام سے ہوئی ہے تاہم اب تک قتل کے محرکات کا تعین نہیں ہوسکا ہے۔

ابھی یہ واضح نہیں کہ قتل سے قبل وزیر اور ان کے محافظ کے درمیان کوئی بحث و تکرار ہوئی تھی یا دونوں کے درمیان کوئی تنازع تھا۔ پولیس نے تفتیش کا آغاز کردیا۔

 

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔