عمران خان پیش نہیں ہوئے، انسداد دہشتگردی عدالت نے ضمانت میں توسیع دیدی

ویب ڈیسک  جمعرات 4 مئ 2023
(فوٹو فائل)

(فوٹو فائل)

 لاہور: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش نہیں ہوئے، عدالت نے ضمانت میں توسیع دے دی۔

زمان پارک میں جلاؤ گھیراؤ اور پولیس پر تشدد کے کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سمیت دیگر رہنماؤں کی عبوری ضمانتوں پر سماعت انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں ہوئی، جہاں عدالت نے فرخ حبیب، میاں محمود الرشید اور اعجاز چوہدری کو حاضری لگا کر جانے کی اجازت دے دی۔

دوران سماعت عدالت کو بتایا گیا کہ سابق وزیراعظم عمران خان انسداد دہشتگری کی خصوصی عدالت میں پیش نہیں ہوں گے۔ اس سلسلے میں وکلا نے ان کی حاضری معافی کی درخواست دائر کردی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ عمران خان نے 9مقدمات میں  اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہونا ہے۔ عدالت عمران خان کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرے۔

عدالت نے عمران خان  کی جانب سے حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی  اور عمران خان کی 2 مقدمات میں عبوری ضمانتوں میں 16مئی تک توسیع کردی۔

دریں اثنا پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے بھی انسداد دہشتگری کی خصوصی عدالت میں حاضری معافی کی درخواست دائر کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ فواد چوہدری حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان ہونے والے مذاکرات کا حصہ ہیں۔ فواد چوہدری پی ٹی آئی مذاکراتی ٹیم میں شامل ہیں۔

عدالت نے فواد چوہدری کی بھی حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی ۔ عدالت نے فواد چوہدری ، فرخ حبیب ، حماد اظہر سمیت دیگر کی عبوری ضمانتوں میں 16مئی تک ملتوی کردی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔