کلفٹن پلے لینڈ میں جھولے سے گر کر نوجوان جاں بحق، ویڈیو وائرل

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 4 مئ 2023
(فوٹو: ویڈیو گریب)

(فوٹو: ویڈیو گریب)

  کراچی: کلفٹن کے علاقے میں پارک میں جھولے سے گر کر نوجوان بحق ہوگیا، جس کی لاش کوئٹہ روانہ کردی گئی۔

پولیس کے مطابق عبداللہ شاہ غازی مزار کے قریب پارک میں جھولے سے گر کر نوجوان شدید زخمی ہوگیا تھا، جسے انتہائی تشویشناک حالت میں فوری طور پر رکشے میں جناح اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد اس کی موت کی تصدیق کر دی۔

کلفٹن پولیس کے مطابق متوفی کی شناخت 17 سالہ ولی اللہ کے نام سے کی گئی جس کا آبائی تعلق کوئٹہ سے بتایا گیا ہے اور وہ کراچی میں اپنے رشتے داروں کے ساتھ تفریح کی غرض سے کلفٹن کے پارک میں آیا ہوا تھا کہ جھولا جھولتے ہوئے گر گیا۔

پولیس نے ابتدائی کارروائی کے بعد نوجوان کی لاش ورثا کے حوالے کردی، جسے اس کے عزیز و اقارب نے گزشتہ شب تین بجے کوئٹہ روانہ کردیا۔ متوفی نوجوان کوئٹہ کے ایک ہوٹل میں باورچی کا کام کرتا تھا جب کہ وہ پراپرٹی ڈیلر بھی تھا ۔

پولیس کے مطابق ولی اللہ اپنے دوست عزت اللہ کے ساتھ تفریح کے لیے  کراچی آیا تھا ۔بدھ کی شام کو وہ اپنے دیگر دوستوں کے ساتھ کلفٹن کے پارک میں آیا  اور جھولا جھولتے ہوئے گر گیا۔ واقعے کی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ، جس میں تیز رفتار جھولے میں نوجوان کو ہاتھ اوپر اٹھاتے ہوئے دیکھا گیا، اسی اثنا میں پانچویں چکر کے دوران 17 سالہ ولی اللہ جھولے سے اچھل کر باہر گر گیا، جس سے اس کے سر پر شدید چوٹ آئی اور وہ موقع ہی پر جاں بحق ہوگیا۔

پلے لینڈ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حادثہ نوجوان کی اپنی غفلت کے باعث پیش آیا ۔نوجوان چلتے جھولے میں حفاظتی بیلٹ کھول کر کھڑا ہونے کی کوشش کر رہا تھا  کہ گر گیا۔ جاں بحق نوجوان کے ورثا نے پولیس کارروائی کے بغیر لاش وصول کی اور آبائی علاقے روانہ کردی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔