پرویز الہی کی ڈی جی اینٹی کرپشن کے خلاف توہین عدالت کی درخواست نمٹا دی گئی

ویب ڈیسک  ہفتہ 6 مئ 2023
پرویز الہی کے گھر چھاپے کے دوران کی ایک تصویر (فوٹو : ویڈیو اسکرین شاٹ)

پرویز الہی کے گھر چھاپے کے دوران کی ایک تصویر (فوٹو : ویڈیو اسکرین شاٹ)

 لاہور: لاہور ہائی کورٹ نے ضمانت کے باوجود پرویز الہی کے گھر چھاپے پر اینٹی کرپشن حکام کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواست معافی مانگنے کے سبب نمٹادی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور ہائی کورٹ نے حفاظتی ضمانت کے باوجود پرویز الہی کے گھر چھاپے مارنے پر توہین عدالت کی کارروائی کی درخواست کا فیصلہ جاری کردیا۔ عدالت نے پرویز الہی کی ڈی جی اینٹی کرپشن سمیت دیگر کے خلاف توہین عدالت کی درخواست نمٹا دی۔

جسٹس طارق سلیم شیخ نے دو صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کرتے ہوئے لکھا کہ فریقین عدالت سے غیر مشروط معافی مانگ چکے ہیں، عدالت ڈی جی اینٹی کرپشن سمیت دیگر کی معافی کو منظور کرتی ہے۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پرویز الہی کے وکیل کے مطابق اینٹی کرپشن نے حفاظتی ضمانت والے مقدمے میں گرفتاری کے لیے گھر پر چھاپہ مارا جب کہ اینٹی کرپشن حکام کے مطابق وہ حفاظتی ضمانت والے مقدمے میں گرفتاری کے لیے نہیں گئے تھے۔

تحریری فیصلے میں مزید کہا گیا کہ درخواست گزار مزید کارروائی کے لیے متعلقہ فورم سے رجوع کرسکتا ہے۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف کے صدر چوہدری پرویز الہی نے ڈی جی اینٹی کرپشن سمیت دیگر کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی درخواست دائر کررکھی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔