مین ہول میں گرنے والا 6 سالہ بچہ 24 گھنٹے گزرنے کے باوجود نہیں مل سکا

اسٹاف رپورٹر  اتوار 7 مئ 2023
فوٹو : فائل

فوٹو : فائل

  کراچی: گلشن اقبال کے علاقے میں کھلے مین ہول میں گر کرلاپتہ ہونے والا 6 سالہ بچہ 24 گھنٹے گزرجانے کے باوجود نہیں مل سکا۔  

ایکسپریس نیوز کے مطابق اتوار کی صبح تمام ریسکیو ٹیمیں تو موقع پر پہنچ گئیں لیکن جدید آلات اورہیوی مشینری نہ ہونے کے وجہ سے سیوریج نالے کی کھدائی کا کام نہیں سکا جس کی وجہ سے بچے کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن تعطل کا شکار ہے۔

ریسکیوعملے کے مطابق رات گئے ایکسویٹرکی مدد سے سیوریج لائن کے نالے کی کھدائی کی گئی اور اس علاقے کو مکمل سرچ کرلیا گیا ہے لیکن بچے کا پتہ نہ چل سکا، سیوریج لائن کومکمل کھودا جائے توشاید بچے کا سراغ مل جائے۔

بچاؤ آپریشن میں تاخیرکی وجہ سے بچے کے اہلخانہ اورعلاقہ مکینوں میں اشتعال بھی پایا جاتا ہے۔

بچے کے والد کا کہنا ہے کہ 6 سالہ ابھیان تین بھائیوں میں دوسرے نمبر پر تھا اورپہلی جماعت کا طالب علم تھا، ہفتے کو ہی اس کا رزلٹ آیا تھا اورابھیان نے 94 فیصد نمبرحاصل کیے تھے اورابھیان نے ان سے رات میں  پیزا لانے کا کہا تھا۔

چاچا کا کہنا تھا کہ ہفتے کی شام چار بجے ابھیان کھلے مین ہول میں گرا تھا، ڈیڑھ گھنٹے کےبعد ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور ساڑھے 9 بجے ایکسویٹر لایا گیا تھا جس نے تھوڑی بہت سیوریج نالے کی کھدائی کی۔

انھوں نے بتایا کہ گزشتہ 9 ماہ سے اداروں کو کہہ رہے ہیں یہ اس مسئلے کو حل کریں یہ کسی حادثے کا انتظارکررہے تھے اب حادثہ بھی ہوگیا ہمیں بتایا جائے کہ ہم کیا کریں۔

ابھیان کے نانا نے ایڈمسنٹریٹر کراچی اور سندھ حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ہمارے بچے کی تلاش کے لیئے فوری مشینری بھیجیں، آج ہمارے بچے کے ساتھ ہوا کل کسی اور کے بچے کے ساتھ ہو سکتا ہے بچے سب کے سانجھے ہوتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔