عائشہ عمر کا تمام سرگرمیوں سے عارضی دوری اختیار کرنے کا اعلان

ویب ڈیسک  بدھ 10 مئ 2023
  عائشہ عمر نے انسٹاگرام  پوسٹ  کے ذریعے شوبز سمیت معمولات زندگی سے دو ہفتے کی دوری اختیار کرنے کا اعلان کیا( فوٹو: فائل )

عائشہ عمر نے انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے شوبز سمیت معمولات زندگی سے دو ہفتے کی دوری اختیار کرنے کا اعلان کیا( فوٹو: فائل )

  کراچی: معروف اداکارہ اور ماڈل عائشہ عمر نے اپنی مصروفیات  سے عارضی دوری اختیار کرلی ہے۔ اس عرصے کے دوران اداکارہ انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا سمیت  رابطوں کے تمام ذرائع سے بھی دور رہیں گی۔ 

چھوٹی اور بڑی اسکرین کی معروف اداکارہ نے اپنی انسٹاگرام  پوسٹ  کے ذریعے شوبز کی سرگرمیوں سمیت معمولات زندگی سے دو ہفتے کی دوری اختیار کرنے کا اعلان کیا۔

کراچی سے لاہور، یلغار، رہبرا اور منی بیک گارنٹی جیسی فلموں میں اداکاری سے نام کمانے والی عائشہ عمر نے اپنی پوسٹ میں کہا  ہے  کہ وہ آج شب سے  دو ہفتوں کے لیے سب سے کٹ کر رہیں گی،ا ور اس عرصے کے دوران موبائل فون، انٹرنیٹ، واٹس ایپ اور سوشل میڈیا سمیت کسی بھی ٹیکنالوجی کا استعمال نہیں کریں گی۔

چھوٹی اسکرین پر مزاحیہ ڈراما سیریز ’’ بلبلے‘‘ سے شہرت پانے والی اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں مزید کہا کہ وہ  ذہنی و جسمانی سکون کے لیے دو ہفتے سے اس کا منصوبہ بنارہی تھیں اور بالآخر اس منصوبے پر عمل کا آغاز کرنے میں کامیاب ہوگئی ہیں۔

AYSHA

عائشہ عمر کے مطابق اس عرصے کےد وران وہ کسی سے رابطہ نہیں کریں گی، کم کھائیں گی، مطالعہ کریں گی اور اپنے خالق سے تعلق مضبوط کرنے کی کوشش کریں گی۔

اداکارہ و ماڈل نے کام کے حوالے سے رابطے کے خواہش مندوں کے لیے  دو آئی ڈیز بتائی ہیں جبکہ ذاتی رابطوں کے لیے انہوں نے کہا ہے کہ ان کی والدہ سے رابطہ کیا جائے۔

عائشہ عمر نے کہا ہے کہ  دو ہفتے کے عرصے میں وہ نئی  عادات اپنانے میں کامیاب  ہوجائیں گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔