شاہراہ فیصل پر جلاؤ گھیراؤ؛پی ٹی آئی قیادت اور سیکڑوں کارکنوں پر مقدمہ

ویب ڈیسک  جمعرات 11 مئ 2023
(فوٹو فائل)

(فوٹو فائل)

  کراچی: شاہراہ فیصل پر ہنگامہ آرائی اور جلاؤ گھیر اؤ کے الزام میں پی ٹی آئی کراچی کی قیادت اور سیکڑوں کارکنوں پر مقدمہ درج کرلیا گیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے بعد شاہراہ فیصل پر ہنگامہ آرائی اور جلاؤ گھیراؤ کے لیے تحریک انصاف کے رہنماؤں کے اشتعال دلانے کے الزام میں فیروز آباد تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا ہے، جس میں پارٹی کی مقامی قیادت کے علاوہ 800 سے 900 افراد پر الزام عائد کیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق آفتاب صدیقی، خرم شیر زمان ،حلیم عادل شیخ ، راجہ اظہر ، ارسلان تاج گھمن ، شاہ نواز جدون، سعید اعوان، عالمگیر خان ، فہیم خان اور عدیل نے اشتعال دلایا ۔  عمران خان کی گرفتاری کے بعد یہ رہنما 800 سے  زائد کارکنان کے ہمراہ اسلحہ اور ڈنڈوں کے ساتھ نکل آئے۔

مقدمے میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ مظاہرین نے رومی سگنل پر سرکاری گاڑی کو نذر آتش کیا، موٹرسائیکلوں کو آگ لگائی گئی، پولیس چوکی نذر آتش کی گئی، جو جل کر خاکستر ہو گئی جب کہ پیپلز بس اور 2 واٹر باؤزرز کو بھی جلایا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔