زرتاج گل کے خلاف کرپشن کا مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک  جمعرات 11 مئ 2023
سابق وفاقی وزیر پر الزام ہے کہ انہوں نے کم نرخوں پر منصوبے ٹھیکوں پر دیے اور زیادہ نرخوں پر انہیں ریوائز کروایا ( فوٹو: فائل )

سابق وفاقی وزیر پر الزام ہے کہ انہوں نے کم نرخوں پر منصوبے ٹھیکوں پر دیے اور زیادہ نرخوں پر انہیں ریوائز کروایا ( فوٹو: فائل )

 لاہور: اینٹی کرپشن نے  سابق وفاقی وزیر زرتاج گل  کے خلاف ترقیاتی کاموں کے ٹھیکوں کی مد میں مبینہ خورد برد کے معاملے پر مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ 

ایکسپریس نیوز کے مطابق تحریک  انصاف کی رہنما اور سابق وفاقی وزیر زرتاج گل کوترقیاتی کاموں کے ٹھیکوں کی مد میں کروڑوں روپے کی خوربرد کے معاملے پر آج طلب کررکھا تھا، قبل ازیں زرتاج گل کو 10 اور 19 اپریل، اور11 مئی کو بھی طلب کیا گیا تھا مگر وہ پیش نہ ہوئیں۔

اینٹی کرپشن پنجاب نے انہیں آج پیش ہونے کے لیے آخری نوٹس جاری کیا تھا مگر عدم پیشی پر ان کے خلاف یکطرفہ کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ  درج کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اینٹی کرپشن کے مطابق زرتاج گل نے  اپنے حلقے میں پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے منصوبوں کے ٹھیکے اپنے فرنٹ مینوں کو مارکیٹ سے کم ریٹ پر دیے اور اپنے خاوند ہمایوں رضا اخوند کے ساتھ مل کر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے منصوبوں کو ریوائزکروا کر لاگت دوگنا کروائی۔

اینٹی کرپشن کے مطابق زرتاج گل اور ان کے خاوند ہمایوں رضا نے منصوبوں کو ریوائز کروا کر سرکاری خزانے کو کروڑوں کا ٹیکہ لگایا اور  تمام منصوبوں کے ٹھیکے اپنے فرنٹ مینوں کو دے کر بھاری رشوت وصول کی۔

اینٹی کرپشن نے زرتاج گل کے علاوہ ان کے خاوند ہمایوں رضا اخوند، پرائیویٹ سیکرٹری محمود بھٹی کو  بھی آج طلب کر رکھا تھا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔