فلموں میں خواتین کو صرف آئٹم گرل نہیں ہونا چاہئے سونیا حسین
ابوعلیحہ کی فلم میں 27 سالہ اداکارہ کو باکسنگ دستانوں، بندوق اور بھاری بلوچ لہجے کے ساتھ دیکھا جاسکتا ہے
پاکستانی اداکارہ سونیا حسین اپنے مختلف کرداروں کی وجہ سے مداحوں کو ہمیشہ حیران کرتی ہیں، عید الفطر کے موقع پر ان کی نئی فلم 'دادل' ریلیز ہوئی جس میں انہوں نے ایک سیریل کلر اور باکسر کا کردار ادا کیا ہے۔
ابوعلیحہ کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم میں 27 سالہ اداکارہ کو باکسنگ دستانوں، بندوق اور بھاری بلوچ لہجے کے ساتھ ایکشن میں دیکھا جاسکتا ہے۔
ایک نجی نیوز سائٹ کو تازہ انٹرویو میں سونیا حسین نے اپنے شوبز کیریئر اور انڈسٹری سے اپنی توقعات کے متعلق گفتگو کی ہے۔
سونیا حسین کا 'دادل' میں ایک خطرناک کردار نبھانے پر کہنا تھا کہ لوگ ان کو ایسے کردار میں پسند کرتے ہیں اور وہ اسے خوش قسمتی سمجھتی ہیں کہ انہیں ایسے کردار آفر ہوتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ فلم سے قبل انہوں نے صرف بچپن میں ایک کھلونا گن اٹھائی تھی لیکن 'دادل' کی وجہ سے انہیں موقع ملا کہ وہ بندوق کو استعمال کرنا سیکھیں۔
رومینٹک رول ادا کرنے کے متعلق اداکارہ نے بتایا کہ کچھ عرصہ قبل ہی انہوں نے فلم 'ٹچ بٹن' میں رومینٹک رول کیا ہے۔
سونیا حسین کا کہنا تھا کہ وہ انڈسٹری میں صرف ہیروئن بننے نہیں آئی ہیں بلکہ وہ معاشرے میں تبدیلی کا پیغام پہنچانا چاہتی ہیں اور فلموں میں خواتین کو صرف آئٹم گرل نہیں ہونا چاہئے۔