امریکی آن لائن اسٹور پر چارپائی کی قیمت 1 لاکھ روپے سے بھی زیادہ
پلیٹ فارم نے چارپائی کو بہت خوبصورت سجاوٹ کے ساتھ روایتی ہندوستانی بستر کے طور پر درج کیا ہے
آن لائن خریداری کے دوران ایسے مواقع بھی آتے ہیں جب صارفین ایک عام چیز کی غیر معمولی طور پر زیادہ قیمت دیکھ کر حیران رہ جاتے ہیں۔ ایسے ہی حال ہی میں ایک امریکی آن لائن اسٹور پر معمولی چارپائی کی قیمت 1 لاکھ 12 ہزار 168 روپے منظر عام پر آئی۔
آن لائن اسٹور Etsy نے اپنے پلیٹ فارم پر ایک ہندوستانی چارپائی کو فروخت کیلئے پیش کیا ہے جسے اگر عام بازار سے خریدا جائے تو 10، 12 ہزار کی آرام سے خریدی جاسکتی ہے لیکن Etsy نے اس کی قیمت ایک لاکھ روپے سے زائد لگائی ہے۔
پلیٹ فارم نے چارپائی کو بہت خوبصورت سجاوٹ کے ساتھ روایتی ہندوستانی بستر کے طور پر درج کیا ہے۔ مصنوع کی تفصیل میں بتایا گیا ہے کہ یہ ہاتھ سے تیار کردہ پروڈکٹ ہے جسے لکڑی اور جوت کی چھالوں سے بنی رسیوں سے بنایا گیا ہے۔ تفصیلات میں چارپائی کے طول و عرض اور استعمال شدہ مواد کی تفصیل بھی درج ہے۔
پلیٹ فارم کا یہ بھی کہنا ہے کہ چارپائی ہندوستان میں قائم ایک دکان کے ذریعے فروخت کی جا رہی ہے اور فی الحال محدود سپلائی میں ہے جبکہ پہلے ہی پانچ صارفین کی جانب سے یہ چارپائی بُک ہوچکی ہے۔
واضح رہے کہ یہ عام شے کی انوکھی قیمت کوئی غیرمعمولی بات نہیں ہے۔ اس سے قبل بھی لوگوں نے انتہائی مہنگی قیمتوں پر فروخت ہونے والی معمولی مصنوعات دیکھ چکے ہیں جن میں 1 لاکھ سے زیادہ کی قیمت کے کچرے کے تھیلے سے لے کر 66،000 کے فولڈنگ چیئر بیگ شامل ہیں۔