ضمنی انتخابات؛ لاڑکانہ سے پیپلز پارٹی اور سوات سے تحریک انصاف کے امیدوار کامیاب

ویب ڈیسک  جمعرات 24 اپريل 2014
حلقہ پی کے 86 سے تحریک انصاف کے ڈاکٹر حیدر علی خان 16795 ووٹوں کے ساتھ پہلے جبکہ آزاد امیدوار دوسرے نمبر پر رہے۔  فوٹو: فائل

حلقہ پی کے 86 سے تحریک انصاف کے ڈاکٹر حیدر علی خان 16795 ووٹوں کے ساتھ پہلے جبکہ آزاد امیدوار دوسرے نمبر پر رہے۔ فوٹو: فائل

لاڑکانہ / سوات: سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 35 لاڑکانہ پر ضمنی انتخابات میں پیپلز پارٹی کے امیدوار سہیل انور سیال جبکہ خیبر پختونخوا اسمبلی کے حلقہ پی کے 86 سوات سے تحریک انصاف کے ڈاکٹر حیدر کامیاب ہوگئے۔

سندھ اور خیبر پختونخوا اسمبلی کے 2 حلقوں پر ضمنی انتخابات کے لئے پولنگ کا آغاز صبح 8 بجے ہوا جو شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہا، لاڑکانہ سے سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 35 پر پیپلزپارٹی کے سہیل انور سیال اور آزاد امیدوار شفقت انڑ کے درمیان مقابلہ تھا جبکہ حلقے کے 18 پولنگ اسٹیشنز میں رجسٹرڈ ووٹروں کی تعداد ایک لاکھ 18 ہزار 816 سے زائد تھی، ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے کے بعد غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق اس حلقے سے پیپلز پارٹی کے امیدوار 39 ہزار 800 ووٹوں کے ساتھ پہلے جبکہ آزاد امیدوار شفقت حسین انڑ 16 ہزار 100 لے کر دوسرے نمر پر رہے۔

دوسری جانب سوات سے خیبر پختونخوا اسمبلی کے حلقہ کے پی کے 86 پر رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 34 ہزار614 تھی جن کے لئے 85 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے تھے، اس نشست پر تحریک انصاف کے ڈاکٹر حیدر علی خان، جے یو آئی (ف) اور اے این پی کے مشترکہ اُمیدوار علی شاہ خان ایڈوکیٹ، مسلم لیگ (ن) کے سردار خان، پیپلز پارٹی کے محمد شاہی خان اور پاکستان ملی عوامی پارٹی کے مختیار خان یوسف زئی کے درمیان مقابلہ تھا تاہم غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے امیدوار 16 ہزار 795 ووٹ لے کر کامیاب جبکہ مسلم لیگ (ن) کے سردار خان 13 ہزار 333 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔

واضح رہے کہ پی ایس 35 پر عام انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کے کامیاب امیدوار الطاف حسین انڑ جبکہ کے پی کے 86 سوات سے  مسلم لیگ (ن) کے قیموس خان کامیاب ہوئے تھے تاہم دونوں امیدواروں کو اثاثوں کی تفصیلات چھپانے، جعلی ڈگری اور دھاندلی ثابت ہونے پر نااہل قرار  دیا گیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔