پیپلزپارٹی کا بلدیاتی اداروں کے انتخابی شیڈول پرسخت تحفظات کا اظہار
الیکشن کمیشن بلدیاتی اداروں کے انتخابی شیڈول کی مدت کم کرے اور پہلے مخصوص نشستوں کا مرحلہ مکمل کیا جائے، نثارکھوڑو
پاکستان پیپلز پارٹی سندھ نے الیکشن کمیشن کی جانب سے سندھ کے بلدیاتی اداروں کے لیے جاری انتخابی شیڈول کو تاخیری حربہ قرار دیتے ہوئے اس پر سخت تحفظات کا اظہار کردیا ہے۔
پیپلز پارٹی سندھ کے صدر سینیٹر نثار کھوڑو نے اپنے بیان میں کہا ہے کے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کرتے ہیں کہ بلدیاتی انتخابی شیڈول کی مدت کو کم کیا جائے اور پہلے مخصوص نشستوں کا مرحلہ مکمل کرکے پارٹی پوزیشن کی بنیاد پر مخصوص نشستیں ڈکلیئر کی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا بلدیاتی اداروں کے لیے ایک ماہ کے عرصے کا شیڈول تاخیری حربہ ہے اور پیپلزپارٹی اس حربے کو برداشت نہیں کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن انتخابی شیڈول کی مدت کو کم کرے اور پہلے مخصوص نشستوں کا مرحلہ مکمل کیا جائے جس کے بعد تمام بلدیاتی اداروں میں حلف برداری کا انعقاد کیا جائے۔
نثار کھوڑو نے مزید کہا کے حلف برداری کا عمل مکمل ہونے کے بعد میئر، ڈپٹی میئر، چیئرمین اور وائس چیئرمین کا انتخاب کرایا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلدیاتی انتخابی شیڈول میں تقریباً ایک ماہ کا عرصہ منتخب اراکین کے اعتماد کو ٹھیس پہنچانے اور ان کی حق تلفی کے مترداف ہے کیوں کہ بلدیاتی اداروں کے منتخب امیدوار بہت عرصے سے انتظار کر رہے ہیں۔
سینیـٹر نثار کھوڑو ںے کہا کہ الیکشن کمیشن تاخیری حربے استعمال کرکے سندھ کے لوگوں کے صبر کا امتحان نہ لے، سندھ نے بلدیاتی انتخابات کرادیے ہیں تو سندھ کے لیے تاخیری حربے اپنائے جارہے ہیں جبکہ پنجاب میں تو بلدیاتی اداروں کا تصور ہی ختم کردیا گیا ہے اس پر الیکشن کمیشن خاموش تماشائی بنا ہوا ہے۔