یہودی بائبل کا قدیم ترین نسخہ تین کروڑ 80 لاکھ ڈالر میں نیلام

ویب ڈیسک  جمعـء 19 مئ 2023
قدیم ترین عبرانی (یہودی) بائبل کا نسخہ تین کروڑ 80 لاکھ ڈالر میں نیلام ہوا جسے اسرائیلی عجائب گھر میں رکھا جائے گا۔ فوٹو: بشکریہ الجزیرہ انگلش ویب سائٹ

قدیم ترین عبرانی (یہودی) بائبل کا نسخہ تین کروڑ 80 لاکھ ڈالر میں نیلام ہوا جسے اسرائیلی عجائب گھر میں رکھا جائے گا۔ فوٹو: بشکریہ الجزیرہ انگلش ویب سائٹ

 نیویارک: امتدادِ زمانہ سے محفوظ رہنے والا عبرانی بائبل کا قدیم ترین نسخہ نیلامی کے بعد اسرائیل بھیجا جا رہا ہے جہاں اسے ایک ’عجائب گھر‘ میں رکھا جائے گا۔

بدھ کے روز نیویارک کے مشہور نیلام گھر ’سودبے‘ میں یہ نسخہ 3 کروڑ 80 لاکھ ڈالر میں نیلام کیا گیا ہے۔ یہ چرمی جلد میں بند ہے جسے ہاتھ سے تحریر کیا گیا ہے۔ قریباً مکمل عبرانی نسخہ رومانیہ میں امریکہ کے سابق سفیر، ایلفرڈ ایچ موسیس نے خریدا ہے۔

انہوں نے اسے اے این یو میوزیئم آف دی جیوش پیپل کے لیے خریدا ہے جو تل ابیب میں واقع یہودی تاریخ کا ایک مشہور میوزیئم بھی ہے۔

اس نسخے کا نام کوڈیکس ساسون ہے جسے 880 سے 960 عیسوی کے دوران لکھا گیا تھا۔ اسے عراقی یہودی تاجر کے بیٹے، ڈیوڈ سولومن ساسون نے خریدا تھا۔ جب لندن میں اس نے اپنا گھر خالی کیا تو اس میں یہ نایاب شے بھی سامنے آئی۔

کوڈیکس قدیم نسخے کو کہا جاتا ہے جبکہ ساسون کا نام اس کے مالک کے نام پر رکھا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔