جناح ہاؤس حملہ سمیت 3 مقدمات میں  عمران خان کی عبوری ضمانت منظور

انسداد دہشت گردی عدالت کا شامل تفتیش ہونے کا حکم، تفتیش میں رکاوٹ نہیں ڈالنے دینی، عمران خان کو ہدایت


ویب ڈیسک May 19, 2023
عدالت نے ایک ایک لاکھ کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کی (فوٹو فائل)

جناح ہاؤس حملہ کیس سمیت 3 مقدمات میں عمران خان کی عبوری ضمانت منظور کرلی گئی۔

انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج اعجاز احمد بٹر کے روبرو جناح ہاؤس حملہ کیس میں عمران خان کی عبوری ضمانتوں پر سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے 3 مقدمات میں 2جون تک عبوری ضمانت منظور کرلی اور عمران خان کو شامل تفتیش ہونے کا حکم دے دیا ۔

عدالت نے ہدایت کی کہ عمران خان صاحب! آپ ایک ایک لاکھ کے ضمانتی مچلکے جمع کرائیں۔ آپ نے تفتیش میں رکاوٹ نہیں ڈالنے دینی ۔ جس پر عمران خان نے جواب دیا آپ فکر نہ کریں۔

دوران سماعت وکیل نے دلائل میں کہا کہ جب یہ افسوسناک واقعہ ہوا تو درخواست گزار گرفتار تھے ۔ جیسے ہی پتا چلا کہ یہ واقعہ ہوا تو عمران خان نے شدید مذمت کی ۔ 10مئی کو عمران خان نیب کی تحویل میں تھے ۔

قبل ازیں عمران خان کی جانب سے انسداددہشت گردی کی خصوصی عدالت میں جناح ہاؤس جلاؤ گھیراؤ سمیت 3 مقدمات میں عبوری ضمانتوں کی درخواستیں دائر کی گئی تھیں۔ تھانہ سرور روڑ ،گلبرگ اور شادمان میں درج مقدمات کے سلسلے میں عمران خان نے گرفتاری سے بچنے کے لیے عبوری ضمانتوں کی درخواست دائر کی تھی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ پولیس نے بے بنیادمقدمات درج کیے ہیں۔ شامل تفتیش ہونا چاہتا ہوں عدالت عبوری ضمانت منظور کرے ۔

علاوہ ازیں ظل شاہ قتل کیس میں بھی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی عبوری ضمانت 2 جون تک منظور کرلی۔ لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس انوار الحق پنوں نے رجسٹرار آفس کا اعتراض ختم کرکے درخواست کی سماعت کرتے ہوئے عبوری ضمانت منظور کرلی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں