سلمان خان اُن ٹارگٹس میں سرِفہرست ہیں جن کو قتل کرنا ہے لارنس بشنوئی
سلمان خان کے گھر کی ریکی کیلئے سمپت نہرا نامی شخص کو مقرر کیا جس نے ان کی ہر نقل و حرکت کی خبر دی
بدنامِ زمانہ گینگسٹر لارنس بشنوئی نے انکشاف کیا ہے کہ بالی ووڈ اسٹار سلمان خان ان 10 ٹارگٹس میں سرِفہرست تھے جن کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی تھی تاہم وہ اب تک اس میں کامیاب نہیں ہو سکے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق لارنس بشنوئی نے حال ہی میں تفتیش کے دوران نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی کو بتایا ہے کہ انہوں نے 1998 سے سلمان خان کو قتل کرنے کا منصوبہ بنا رکھا ہے جب اداکار نے کالے ہرن کا شکار کیا تھا۔
بشنوئی کا کہنا تھا کہ کالے ہرن کو بشنوئی قبیلہ مقدس مانتا ہے اور ہرن کے شکار کے جواب میں سلمان خان کو جان سے مارنے کا منصوبہ بنایا تھا۔
سلمان خان کو متعدد بار قتل کی دھمکیاں دینے والے لارنس بشنوئی کا کہنا تھا کہ انہوں نے سلمان خان کے گھر کی ریکی کیلئے سمپت نہرا نامی شخص کو مقرر کیا جس نے ان کی ہر نقل و حرکت کی خبر دی تاہم اس کو سپیشل ٹاسک فورس نے گرفتار کر لیا۔
اس کے بعد سلمان خان کو قتل کی دھمکی کی کام موصول کی اور ان کی سیکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا۔ تہاڑ جیل میں قید لارنس بشنوئی نے اعترافِ جرم کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے 2021 مں گوگی گینگ کو گولڈی برار کے ذریعے اسلحہ فراہم کیا تھا۔
یہاں یہ بات قابلِ غور ہے کہ یہ وہی بدنام گینگ ہے جس پر جیل کے اندر ٹیلو تاجپوریا کو قتل کرنے کا الزام ہے جبکہ پولیس کو شبہ ہے کہ گینگسٹر سے سیاست دان بننے والے عتیق احمد اور ان کے بھائی اشرف کو قتل کرنے کے لیے بھی اسلحہ گوگی گینگ نے فراہم کیا تھا جنہیں 15 اپریل کو پولیس اور میڈیا کے سامنے گولیاں مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔
اس سے قبل گولڈی برار نے پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کا دعوٰی بھی کیا تھا جس کی ذمہ داری کینیڈا میں مقیم گولڈی برار کی جانب سے سوشل میڈیا پر قبول کی گئی تھی تاہم پولیس اسے گرفتار کرنے میں تاحال ناکام ہے۔
کینڈا میں مقیم گولڈی برار اس سے قبل اپنے ایک بیان میں یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ سدھو موسے والا کو وکرماجیت سنگھ کا بدلہ لینے کے لیے قتل کیا گیا تھا جبکہ گلوکار کا مینیجر شاگھون پریت بھی ان کا ٹارگٹ تھا۔