عمران خان کا سوئپر ضمانتی مچلکے نقد دینے پر تیار، عدالت کا منظور کرنے سے انکار

ویب ڈیسک  جمعـء 26 مئ 2023
(فوٹو: فائل)

(فوٹو: فائل)

 لاہور: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے گھر کا سوئپر عمران خان کے ضمانتی مچلکے کے لیے رقم نقد دینے پر تیار ہوگیا، تاہم عدالت نے منظور کرنے سے انکار کردیا۔

انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں  چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف  جناح ہاؤس حملہ کیس  ، عسکری ٹاور حملہ کیس  کی سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے عمران خان کے ضمانتی مچلکے منظور نہیں کیے۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اعجاز احمد بٹر کے روبرو عمران خان کا ضمانتی اُن کا سوئپر شیروز  پیش ہوا اور کہا کہ جو ضمانتی مچلکے عدالت نے طلب کیے ہیں وہ نقد رقم دینے کو تیار ہیں ۔

عدالت نے استفسار کیا کہ تم کیا کرتے ہو ؟، جس پر ضمانتی شیروز نے جواب دیا کہ میں عمران خان کے گھر میں سوئپر ہوں ۔ عدالت نے 3 مقدمات میں لاکھ لاکھ روپے کا ضمانتی مچلکہ جمع کرانے کا حکم دیا تھا ۔ جج نے کہا کہ میں کیسے یہ مچلکے منظور کر لوں ۔کل کو عمران خان نہ آیا تو تم ذمے دار ہو گے۔ ضمانتی ذمے داری کے سوال پر سوئپر شیروز خاموش ہوگیا۔

بعد ازاں عدالت نے ضمانتی کی ذمے داری نہ لینے پر عمران خان کے ضمانتی مچلکے منظور نہیں کیے ۔

واضح رہے کہ عمران خان کا ضمانتی سوئپر مقدمہ نمبر23 /1271 گلبرگ  ، 96/23 سرور روڈاور 768/23  تھانہ شادمان میں درج مقدمے میں ضمانتی مچلکے جمع کرانے آیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔