اپنا موبائل ڈھونڈنے کیلیے سرکاری ملازم نے21 لاکھ لیٹر پانی نکال کر ڈیم خالی کردیا

ویب ڈیسک  جمعـء 26 مئ 2023
ڈیم سے 21 لاکھ لیٹر پانی نکالا گیا؛ فوٹو: انڈین میڈیا

ڈیم سے 21 لاکھ لیٹر پانی نکالا گیا؛ فوٹو: انڈین میڈیا

چھتیس گڑھ: بھارت میں ایک سرکاری ملازم کا فون ڈیم میں گر گیا جسے غوطہ خور بھی نہ نکال سکا تو 3 دن تک مسلسل موٹر چلاکر 21 لاکھ پانی باہر پھینک دیا جس سے 1500 ایکڑ زرعی اراضی کو سیراب کیا جاسکتا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست چھتیس گڑھ میں ڈیم کے قریب سیلفی لیتے وقت سرکاری ملازم راجیش وشواس کا قیمتی موبائل گہرے پانی میں گر گیا۔ ایک لاکھ روپے مالیت کے موبائل فون کی تلاش کے لیے غوطہ خور کو بھی بلایا گیا۔

غوطہ خور کی ناکامی پر سرکاری ملازم نے انوکھی ترکیب لڑائی اور 30 ہاؤس پاور کی موٹر لگا کر تین دن تک مسلسل چلاتا رہا یہاں تک کہ ذخیرہ آب میں صرف ایک فٹ سے بھی کم پانی رہ گیا۔

سرکاری ملازم نے 21 لاکھ لیٹر پانی ضائع کرکے اپنا موبائل فون حاصل کرلیا اور اس کی توجیہہ یہ پیش کی کہ موبائل فون میں اہم سرکاری ریکارڈ بھی تھا اور میں نے ڈیم خالی کرنے کے لیے اپنے سینیئر سے زبانی اجازت بھی لی تھی۔

تاہم محکمے نے سرکاری ملازم کے عذر کو قبول نہ کرتے ہوئے معطل کردیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔