بھارتی قید سے رہائی کے بعد 9 پاکستانی ماہی گیر کراچی پہنچ گئے

فشر مین سوسائٹی کا ماہی گیروں کو اجرک کا تحفہ، فی کس 20 ہزار روپے فوری مالی امداد فراہم کی


Staff Reporter May 27, 2023
فوٹو: ویڈیو گریب

بھارتی قید سے رہائی کے بعد 9 پاکستانی ماہی گیر لاہور سے کراچی پہنچ گئے جن کا ٹاور پہنچنے پر پر شاندار استقبال کیا گیا، ماہی گیر اپنے اہل وعیال کو دیکھ کر فرط جذبات سے آبدیدہ ہوگئے۔

رہائی پانے والے ماہی گیروں میں ابراہیم تھیم، قاسم، اچھار سمار ملاح، شیر علی، صالم، احمد، بخش، محمد اقبال اور عبدالمجید شامل ہیں جنہیں 2017 اور 2018 میں بھارتی فورسز نے سمندری حدود کی خلاف ورزی کے الزام میں گرفتار کیا تھا، تمام ماہی گیر ٹھٹھہ اور کے ٹی بندر کے رہائشی ہیں۔

ایڈمنسٹریٹر فشرمین سوسائٹی زاہد ابراہیم بھٹی نے کراچی پہنچنے والے ماہی گیروں کو اجرک کا تحفہ اور 20 ہزار روپے نقد فوری مالی امداد فراہم کی، اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بڑی خوشی کی بات ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان اب برف پگھل رہی ہے، پاکستان نے 198 بھارتی ماہی گیروں کو رہا کیا تو بھارت نے بھی 9 پاکستانی ماہی گیروں کو رہائی کا پروانہ جاری کردیا۔

زاہد ابراہیم نے کہا کہ پاکستان نے یکم جون کو مزید 200 بھارتی ماہی گیروں کو رہا کرنے کا فیصلہ کیا ہے، بھارت کو بھی خوشدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مزید 97 پاکستانی ماہی گیروں کو فوری طور پر رہا کر دینا چاہئے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے مابین کشیدہ تعلقات کے باوجوددونوں ملکوں کی طرف سے ایک دوسرے کے قیدیوں کی رہائی کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، مزید 200 بھارتی ماہی گیروں کو یکم جون کو واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں