پشاور: باپ نے غیرت کے نام پر بیٹی کو قتل کردیا، تدفین کے وقت گرفتار

احتشام خان  اتوار 28 مئ 2023
(فوٹو : فائل)

(فوٹو : فائل)

 پشاور: پشاور کے نواحی علاقہ انقلاب میں باپ نے بیٹے کے ساتھ مل کر بیٹی کو غیرت کے نام پر قتل کردیا جنہیں خفیہ طریقے سے تدفین کے دوران گرفتار کرلیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈی ایس پی صدر سرکل محمد علی کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ انقلاب خالد آفریدی نے نواحی علاقہ کوچیان قلعہ میں 15 سالہ لڑکی مسماۃ (ر) دختر محمد گل کو غیرت کے نام پر قتل کرنے اور بعد میں خفیہ طور پر دفنانے میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق مقتولہ کے والد محمد گل اپنے بھائیوں کے ساتھ مل کر بیٹی کو بے دردی کے ساتھ اسلحہ آتشیں سے فائرنگ کرکے قتل کرنے کے بعد جرم کو چھپانے کی خاطر خفیہ طریقے سے تدفین کی تیاری کر رہے تھے، اطلاع ملنے پر  تھانہ انقلاب پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تین ملوث ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران غیرت کے نام پر مسماۃ (ر) کے قتل میں ملوث ہونے کا اعتراف کر لیا، گرفتارملزمان سے دوران تفتیش مزید انکشافات کی توقع ہے۔

گرفتار ملزمان میں احسان اللہ ولد فرید اللہ، جمعہ گل اور محمد گل پسران اختر خان شامل ہیں جنہوں نے ابتدائی تفتیش کے دوران غیرت کے نام پر مسماۃ (ر) کے قتل میں ملوث ہونے کا اعتراف کر لیا ہے۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے دوران تفتیش مزید انکشافات کی توقع ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔