بھارت ٹرین حادثہ؛ امدادی رقم کیلیے بیوی نے شوہر کو مردہ ظاہر کردیا

ویب ڈیسک  بدھ 7 جون 2023
بھارتی حکومت نے ٹرین حادثے کے لواحقین کیلیے 17 لاکھ امدادی رقم کا اعلان کیا ہے؛ فوٹو: ٹوئٹر

بھارتی حکومت نے ٹرین حادثے کے لواحقین کیلیے 17 لاکھ امدادی رقم کا اعلان کیا ہے؛ فوٹو: ٹوئٹر

نئی دہلی: اوڈیشہ ٹرین حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کے لیے حکومت کی جانب سے 17 لاکھ امدادی رقم کا اعلان کیا گیا ہے جس کی لالچ میں ایک خاتون نے اپنے زندہ شوہر کو مردہ ظاہر کردیا۔ 

بھارتی میڈیا کے مطابق اوڈیشہ میں ٹرینوں کے تصادم میں 280 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں جن کے لواحقین کے لیے وزارت ریلوے نے 10 لاکھ، صوبائی حکومت نے 5 لاکھ اور وزیراعظم آفس کی جانب سے 2 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا گیا ہے۔

جسے حاصل کرنے کے لیے ایک خاتون گیتانجلی دتا نے شوہر کے زندہ ہونے کے باوجود خود کو بیوہ ظاہر کیا اور درخواست جمع کرائی کہ میرے شوہر ٹرین حادثے میں ہلاک ہوگئے۔

اس بات کی اطلاع جیسے ہی شوہر بیجے دتا کو ملی اس نے بیوی کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ میری موت کا جھوٹا دعویٰ کرکے عوام کا پیسہ ہتھیانے کی کوشش کرنے پر بیوی کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔