سوات میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار شہید

ویب ڈیسک  جمعرات 8 جون 2023
(فوٹو : فائل)

(فوٹو : فائل)

سوات: مینگورہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مینگورہ سبزی منڈی کے قریب نامعلوم افراد نے ڈیوٹی پر مامور پولیس اہل کاروں  اشرف علی اور عمران پر  فائرنگ کردی نتیجے میں دو اہل کار شہید ہوئے اور ساتھ ہی ایک راہ گیر بھی زخمی ہوگیا جسے فوری طور پر سیدو شریف اسپتال منتقل کردیا گیا۔

واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری جائے وقوع پہنچی اور شواہد جمع کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔ پولیس کے مطابق شہید پولیس اہل کاروں اشرف علی اور عمران خان ، مینگورہ علاقہ امان کوٹ کے رہائشی تھے۔

واقعے کے بعد لواحقین اور علاقہ عوام نے سیدو شریف روڈ پر احتجاج کرتے ہوئے اسے ٹریفک کے لیے بند کردیا اور قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔

عوامی نیشنل پارٹی نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے اصل ذمہ دار دہشت گردوں کو واپس لانے والے ہیں،  صوبے بھر میں عام عوام اور پولیس کو ٹارگٹ کلنگ میں نشانہ معمول بن چکا ہے، بدقسمتی سے اقتدار کے مالک سیاسی رسہ کشی میں مصروف ہیں جبکہ پختون جنازے اٹھا رہے ہیں۔

رہنما ایم ولی خان نے کہا کہ تحفظ دینے والے خود محفوظ نہيں تو عوام کا خدا ہی حافظ ہے، اے این پی شہید پولیس اہل کاروں کے اہل خانہ کے ساتھ غم میں شریک ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔